کلیم اختر:رمضان المبارک سے قبل عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے 13 سے 15 فروری تک جیلانی پارک میں رمضان بچت فیسٹیول کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
اس سلسلے میں ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کی زیر صدارت تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ اہم میٹنگ منعقد ہوئی۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق فیسٹیول میں عوام الناس کے لیے خصوصی ریلیف اسٹالز قائم کیے جائیں گے جہاں رمضان سے قبل آٹا، گھی، دالیں اور چینی سستے داموں دستیاب ہوں گی۔ اس کے علاوہ چاول، پھل، سبزیاں اور دیگر اشیائے ضروریہ بھی رعایتی نرخوں پر فراہم کی جائیں گی۔
عاصم جاوید نے بتایا کہ فیسٹیول کے دوران فوڈ سیفٹی اور معیار کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ تمام اسٹالز پر اشیائے خوردونوش کی فراہمی اور قیمتوں کی سخت مانیٹرنگ کی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ رمضان بچت فیسٹیول میں فوڈ اسٹالز کے ساتھ ساتھ مقامی ثقافت اور روایات کو بھی نمایاں کیا جائے گا، تاکہ شہریوں کو خریداری کے ساتھ تفریح کا موقع بھی مل سکے۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ رمضان کے آغاز سے قبل ہر خاص و عام کو ریلیف دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور فیسٹیول میں ہر قسم کی اشیاء پر خصوصی رعایت دی جائے گی۔