ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

پاکستان آرمی ٹیم اسپرٹ مقابلوں کا 9واں ایڈیشن کامیابی سے اختتام پذیر

کھاریاں میں اختتامی تقریب، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر مہمانِ خصوصی

پاکستان آرمی ٹیم اسپرٹ مقابلوں کا 9واں ایڈیشن کامیابی سے اختتام پذیر
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

احمد منصور: پاکستان آرمی ٹیم اسپرٹ کمپیٹیشن (PATS) 2026 کامیابی سے مکمل ہو گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق مقابلے کی اختتامی تقریب کھاریاں میں منعقد ہوئی، جس میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ٹیم اسپرٹ مقابلہ 60 گھنٹوں پر مشتمل طویل اور سخت پیٹرولنگ مشق ہے، جس کا مقصد جدید عسکری خیالات، حربی تجربات اور بہترین عملی طریقۂ کار کے تبادلے کے ذریعے پیشہ ورانہ فوجی صلاحیتوں کو فروغ دینا ہے۔

پیٹس مشق 5 فروری 2026 سے پنجاب کے نیم پہاڑی علاقوں میں منعقد کی گئی، جہاں شرکا کو حقیقت پسندانہ اور چیلنجنگ عملی ماحول فراہم کیا گیا۔ مقابلے میں 19 ممالک کی افواج نے حصہ لیا جبکہ 3 ممالک نے مبصرین کے طور پر شرکت کی۔

مقابلے میں پاکستان آرمی اور پاک بحریہ کی 16 مقامی ٹیموں نے بھی حصہ لیا، جبکہ پاک فضائیہ کے مبصرین بھی ایونٹ میں شریک رہے۔

اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شریک ٹیموں کی پیشہ ورانہ مہارت، بلند حوصلے اور عزم کو سراہا۔ انہوں نے جدید جنگی تقاضوں سے ہم آہنگی کے لیے کثیر القومی مشقوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ’’کردار، جرات اور قابلیت پاک فوج کی بنیادی اقدار ہیں۔‘‘

فیلڈ مارشل نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی فوجیوں کی عظیم قربانیوں کا اعتراف بھی کیا۔ تقریب کے دوران نمایاں کارکردگی دکھانے والے شرکا میں انعامات تقسیم کیے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق غیر ملکی مبصرین اور دفاعی اتاشیوں نے مقابلے کے دوران پاک فوج کے اعلیٰ معیار کی پیشہ ورانہ تیاری اور تنظیمی صلاحیتوں کو سراہا۔

بعد ازاں آرمی چیف نے نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر پبی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے جدید ٹیکٹیکل سمیولیٹر کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر سمیولیٹر پر مبنی تربیت کو روایتی تربیت کے ساتھ ناگزیر قرار دیا گیا۔