قیصر کھوکھر:پنجاب پبلک سروس کمیشن کے زیر اہتمام اسسٹنٹ ڈائریکٹر، چیف آفیسر، آڈٹ آفیسر اور سب انجینئر سمیت مختلف آسامیوں کے لیے تحریری امتحانات کا انعقاد کیا گیا، جس میں صوبے بھر سے 34 ہزار سے زائد امیدواروں نے شرکت کی ہے۔
پی پی ایس سی کے مطابق لاہور اور راولپنڈی سمیت پنجاب کی 7 ڈویژنز میں قائم مختلف امتحانی مراکز میں امیدواروں کے تحریری امتحانات لیے گئے۔ امتحانات کے دوران امیدواروں کی سہولت اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے۔
چیئرمین پنجاب پبلک سروس کمیشن لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ محمد عبدالعزیز نے صوبہ بھر میں قائم مختلف امتحانی مراکز کا دورہ کیا اور امتحانات کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے بائیومیٹرک تصدیق کے لیے قائم ڈیسک، امیدواروں کی انٹری اور امتحانی مراکز میں کیے گئے دیگر انتظامات کا معائنہ کیا۔
سیکرٹری پنجاب پبلک سروس کمیشن افضال احمد نے بھی مختلف امتحانی مراکز کا دورہ کرکے انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر چیئرمین پی پی ایس سی نے امتحانی مراکز میں موجود امیدواروں سے تفصیلی گفتگو کی اور ان سے تجاویز اور فیڈ بیک بھی لیا۔
امیدواروں نے پنجاب پبلک سروس کمیشن کے میرٹ اور شفافیت پر مبنی امتحانی نظام کو سراہا۔
پی پی ایس سی کے ممبران نے بھی مختلف شہروں میں قائم امتحانی مراکز کا دورہ کیا۔ ممبران مرزا سہیل عامر اور خالد سلیم نے راولپنڈی، عامر یاسین نے لاہور جبکہ احمد علی کمبوہ نے فیصل آباد کے امتحانی مراکز کا معائنہ کیا۔ ممبر محمد صدیق شیخ نے ملتان اور ڈیرہ غازی خان میں قائم امتحانی مراکز کا دورہ کرکے انتظامات کا جائزہ لیا۔