ویب ڈیسک: دنیا کی معروف ترین ٹیکنالوجی کمپنیوں میں سے جانا پہچاناایک نام ایپل کمپنی کا ہے،اور آج اسکا ’’ سرپرائز اور شائن‘‘ایونٹ بالآخر منعقد ہونے جا رہا ہے۔ اس ہارڈویئر ایونٹ کے حوالے سے کافی دیر سے قیاس آرائیاں جاری رہیں کہ کمپنی اس موقع پر آئی فون لائن اپ میں ایک بڑی تبدیلی متعارف کرا سکتی ہے۔ ایپل اپنے پہلے فولڈ ایبل آئی فون کے ساتھ آئی فون 18پرو اور آئی فون پرو میکس 18، نئی ایپل واچ ماڈلز اور ایئر پوڈس بھی پیش کر سکتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق ایپل کے پہلے فولڈ ایبل فون کا نام آئی فون ڈیو ہو سکتا ہے، جس میں کتاب کی طرح کھلنے اور بند ہونے والا ڈیزائن ہوگا۔ اس کی ابتدائی قیمت تقریباً 2ہزار ڈالر بتائی جا رہی ہے۔ ایونٹ میں ایپل واچ سیریز 12اورایپل واچ الٹرا 4 کے لیے صحت اور فٹنیس سے متعلق نئے فیچرز بھی متعارف کرائے جانے کی توقع ہے، جبکہ ایئرپوڈس لائن اپ میں بھی اپ ڈیٹس سامنے آ سکتی ہیں۔
مشہور ٹی وی چینلز’’بلومبرگ‘‘ کے صحافی مارک گرومین کے مطابق ایپل نے اپنے پہلے فولڈ ایبل آئی فون کے لیے آئی فون ڈیو نام پر غور مکمل کر لیا ہے۔ یہ نام گزشتہ چند ماہ کے دوران سامنے آنے والی ان رپورٹس سے مختلف ہے جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ کمپنی اپنے فولڈ ایبل فون کو آئی فون الٹرا کے نام سے پیش کر سکتی ہے۔ نام میں ممکنہ تبدیلی کے باوجود فون کا ڈیزائن کتاب نما فولڈنگ اسٹائل پر مبنی ہونے کی توقع ہے۔ فون میں اندرونی طور پر ایک بڑی اسکرین دی جا سکتی ہے، جو ملٹی ٹاسکنگ کے لیے زیادہ جگہ فراہم کرے گی اور بعض معاملات میں آئی پیڈ جیسا تجربہ دے سکتی ہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ ’’ایپل‘‘ مبینہ طور پر ایسا سافٹ ویئر بھی تیار کر رہا ہے جس کے ذریعے صارفین بڑی اسکرین پر دو ایپس کو بیک وقت ساتھ ساتھ چلا سکیں گے۔ یہ فیچر فولڈ ایبل آئی فون کو عام آئی فون ماڈلز کے مقابلے میں زیادہ پیداواری اور ملٹی ٹاسکنگ کے لیے موزوں بنا سکتا ہے۔ مارک گرومین کے مطابق آئی فون ڈیو کے 256 جی بی اسٹوریج والے بنیادی ماڈل کی قیمت تقریباً 2 ہزارڈالر ، یعنی پاکستانی میں قیمت تقریبا ساڑھے پانچ لاکھ روپے ہو سکتی ہے۔
رپورٹس کے مطابق دونوں نئے پرو ماڈلز مجموعی طور پر موجودہ آئی فون کے روایتی کینڈی بار ڈیزائن کو برقرار رکھیں گے، تاہم ان کے ظاہری ڈیزائن میں کچھ معمولی تبدیلیاں کی جا سکتی ہیں۔ ان فونز میں سب سے نمایاں ڈیزائن تبدیلی ڈائنامک آئی لینڈ کا چھوٹا ہونا ہو سکتی ہے۔ ڈائنا آئی لینڈ کو پہلی مرتبہ آئی فون 14پرو سیریز میں 2022 میں متعارف کرایا گیا تھا۔ اطلاعات کے مطابق ایپل اب اس کٹ آؤٹ کو مزید بہتر بنا رہا ہے تاکہ اسکرین کے اوپری حصے میں زیادہ لائیو معلومات دکھائی جا سکیں۔ کارکردگی کے لحاظ سے آئی فون ۱18پرو اور پرو میکس آئی فون 18 میں بھی اے20پرو چپ سیٹ دیے جانے کی توقع ہے۔ اس کے علاوہ دونوں فونز میں زیادہ بیٹری بیک اپ فراہم کرنے پر بھی توجہ دی جا سکتی ہے۔