اشرف خان،احسن عباسی :حکومت نے ملکی ضروریات پوری کرنے کیلئے 7 لاکھ 50 ہزار میٹرک ٹن گندم درآمد کرنے کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے، جس کے بعد ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی) نے گندم کی درآمد کے لیے بین الاقوامی ٹینڈر جاری کر دیا۔
ٹی سی پی کی جانب سے جاری ٹینڈر میں درآمد کی جانے والی گندم سے متعلق اہم شرائط بھی مقرر کی گئی ہیں، ٹینڈر کے مطابق گندم تازہ ترین فصل سے حاصل شدہ ہونی چاہیے، جبکہ عالمی سپلائرز کی جانب سے کم از کم 50 ہزار میٹرک ٹن کی پیشکش ہی قابلِ قبول ہوگی۔
ٹی سی پی کے مطابق گندم کی ترسیل کراچی اور گوادر کی بندرگاہوں پر سی ایف آر (CFR) کی بنیاد پر کی جائے گی، گندم کی درآمد کے لیے بولیاں 16 ستمبر کو صبح 11 بج کر 30 منٹ تک جمع کرائی جا سکیں گی، جبکہ بولیاں اسی روز دوپہر 12 بجے کھولی جائیں گی۔
درآمد کی جانے والی گندم صوبوں کی طلب اور ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے تقسیم کی جائے گی، اس سلسلے میں سندھ کو 3 لاکھ ٹن، پنجاب کو 2 لاکھ 50 ہزار ٹن جبکہ خیبرپختونخوا کو 2 لاکھ ٹن گندم فراہم کی جائے گی۔
اقتصادی سروے 2025-26 کے مطابق پاکستان میں گندم کی سالانہ کھپت تقریباً 3 کروڑ 13 لاکھ ٹن ہے، جبکہ رواں سال گندم کی پیداوار 2 کروڑ 96 لاکھ 10 ہزار ٹن رہی،اس طرح ملکی پیداوار اور سالانہ کھپت کے درمیان نمایاں فرق موجود ہے۔
دوسری جانب جولائی کے پہلے ہفتے تک پاسکو کے پاس 17 لاکھ 83 ہزار ٹن گندم کا ذخیرہ موجود تھا۔