ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

پاکستان :سمندر کی تہہ میں گیس کے وسیع ذخائر دریافت

پاکستان :سمندر کی تہہ میں گیس کے وسیع ذخائر دریافت
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک:  پاکستان نیوی نے چین کے تعاون سے ایک اہم سنگِ میل عبور کرتے ہوئے سمندر کی تہہ میں گیس کے وسیع ذخائر تلاش کر لیے ہیں۔ اس اہم پیش رفت کا انکشاف ریئر ایڈمرل (ر) فواد امین بیگ نے ایک انٹرویو کے دوران کیا۔

ریئر ایڈمرل (ر) فواد امین بیگ کے مطابق پاکستان نیوی نے چین کے اشتراک سے ایک جدید سروے کروایا جس کے نتائج نہایت حوصلہ افزا ثابت ہوئے۔ اس سروے کے مطابق، پاکستانی سمندری حدود میں گیس کے بڑے ذخائر موجود ہیں جو مستقبل میں ملک کی توانائی کی ضروریات پوری کرنے میں انقلابی کردار ادا کر سکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی یہ کامیابی محض ایک معاشی موقع نہیں بلکہ قومی خودمختاری اور معاشی سلامتی کے لیے ایک غیر معمولی پیش رفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی پاکستان ترقی کی جانب قدم بڑھاتا ہے، دشمن قوتیں ففتھ جنریشن وار کے ذریعے سرمایہ کاروں کو خوفزدہ کرنے کی کوشش کرتی ہیں۔

ریئر ایڈمرل نے بتایا کہ اس وقت پاکستان میں اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی)، ملٹری قیادت اور سیاسی لیڈرشپ کے درمیان مثالی ہم آہنگی قائم ہو چکی ہے، جس کے باعث ملک نے مربوط دفاعی اور معاشی حکمت عملی ترتیب دی ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ دریافت صرف نیوی کی کامیابی نہیں بلکہ پاکستان کی معاشی خود انحصاری کی جانب ایک مضبوط قدم ہے۔ اگر ان ذخائر کو مؤثر انداز میں استعمال کیا جائے تو پاکستان توانائی کے بحران پر قابو پا سکتا ہے اور معیشت کو نئی بلندیوں تک لے جا سکتا ہے۔

ماہرین کے مطابق اگر اس دریافت پر تیزی سے عملدرآمد کیا گیا تو پاکستان گیس کی درآمد پر انحصار کم کرتے ہوئے مقامی ضروریات پوری کرنے کی طرف بڑھ سکتا ہے، جس سے اربوں ڈالر سالانہ کی بچت ممکن ہو سکے گی۔

ریئر ایڈمرل (ر) فواد امین بیگ نے کہا کہ اب صرف اس دریافت پر خوش ہونے کے بجائے ہمیں اسے ترقی کا ذریعہ بنانے کے لیے سیاسی، انتظامی اور تکنیکی سطح پر فوری اور ٹھوس فیصلے لینے ہوں گے۔