ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

"اپنی زمین اپنا گھر" سکیم, مستحق خاندانوں میں مفت پلاٹوں کی تقسیم کا عمل جاری

Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42: پنجاب حکومت کی "اپنی زمین اپنا گھر" سکیم کے تحت مستحق خاندانوں کو مفت رہائشی پلاٹ دینے کے عمل میں تیزی آ گئی ہے۔ اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ سکروٹنی کمیٹیاں فعال کر دی گئی ہیں اور سکروٹنی کا عمل 31 اکتوبر تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

اب تک 15 ہزار 816 درخواست گزاروں میں سے 3 ہزار 694 خاندانوں کی سکروٹنی مکمل ہو چکی ہے۔

وزیر ہاؤسنگ پنجاب بلال یاسین کو ڈی جی پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی (پھاٹا) سکندر ذیشان نے سکیم کی پیش رفت اور مجوزہ اقدامات پر بریفنگ دی۔ بریفنگ کے دوران پھاٹا کے زیر انتظام سکیموں کی بحالی، پلاٹوں کی الاٹمنٹ اور دیگر اہم امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔

بلال یاسین نے ہدایت کی کہ بحالی کے اقدامات میں مزید تیزی لائی جائے اور مستقبل کے لیے جامع سفارشات تیار کی جائیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پھاٹا کی غیر آباد اراضی پر رہائشی سہولیات کی فراہمی کے لیے بھی فوری طور پر تجاویز مرتب کی جائیں تاکہ غریب اور مستحق خاندانوں کو چھت فراہم کی جا سکے۔

یاد رہے کہ سکیم صرف زمین کی فراہمی تک محدود نہیں بلکہ کمزور طبقے کو اپنے مستقل گھر تعمیر کرنے کا موقع دینے کے لیے ایک جامع فلاحی اقدام ہے۔درخواست دینے کا پورا عمل شفافیت اور سہولت کو یقینی بنانے کے لیے ایک خصوصی ای پورٹل (AZAG E-Portal) کے ذریعے مکمل طور پر ڈیجیٹل کیا گیا ہے۔

درخواست دہندہ پنجاب کا مستقل رہائشی اور شناختی کارڈ کا حامل ہو۔درخواست دہندہ صرف اپنے ضلع میں ہی اپلائی کر سکتا ہے۔ درخواست دہندہ یا اس کے اہل خانہ (بیوی/بچے) کی پاکستان میں کوئی جائیداد نہ ہو۔

 کسی بھی قسم کا کریمنل ریکارڈ، قانونی تنازع یا بینک ڈیفالٹ نہ ہو۔ تمام فراہم کردہ معلومات درست اور حقیقی ہوں، ورنہ درخواست مسترد کر دی جائے گی۔ پلاٹ پر 6 ماہ کے اندر تعمیر کا آغاز اور 2 سال کے اندر تعمیر مکمل کرنا لازمی ہے۔

 پلاٹ 5 سال تک فروخت، ٹرانسفر یا لیز پر نہیں دیا جا سکے گا۔ زمین صرف رہائشی مقاصد کے لیے استعمال کی جائے گی۔ شرائط کی خلاف ورزی کی صورت میں پلاٹ منسوخ کر کے بغیر معاوضے کے واپس لیا جا سکتا ہے۔ پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی معائنہ کرے گی اور شکایات کے ازالے کے لیے کمیٹی قائم کرے گی۔ 
اہل افراد کو سرکاری AZAG ای پورٹل پر رجسٹریشن کر کے فارم بھرنا ہوگا، ساتھ ہی شناختی کارڈ، آمدنی کا ثبوت اور جائیداد نہ ہونے کا حلفیہ بیان اپلوڈ کرنا ہوگا۔ تمام درخواستوں کی جانچ پڑتال کے بعد حقدار امیدواروں کو شارٹ لسٹ کیا جائے گا۔ یہ اسکیم پنجاب حکومت کے اس عزم کی عکاس ہے کہ محروم طبقات کو نہ صرف چھت فراہم کی جائے بلکہ ان کے معیارِ زندگی میں بہتری اور سماجی انصاف کو بھی یقینی بنایا جائے۔