ویب ڈیسک : وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ 27ویں آئینی ترمیم سے متعلق بل میں شامل شقوں پر تقریباً تمام کام مکمل ہوگیا ہے۔
27ویں ترمیم کی شقوں پر کام مکمل ہونے کے حوالے سے وزیرقانون اعظم نذیر نے بتایا کہ کچھ تجاویز جو بعد میں آئیں ان پر بات چیت جاری ہے، خیبر پختونخوا کے نام کی تبدیلی سے متعلق کچھ بات ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اے این پی اور بی اے پی کی تجاویز پر اپنی اپنی قیادت سے بات ہوگی، وقفہ اس لیے ہی کیا گیا کہ سیاسی جماعتیں اپنی قیادت سے بات کرلیں، ایم کیو ایم اور بی اے پی کی تجاویز پر اب غور کیا جارہا ہے۔
قانون و انصاف کی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس ختم ہونے کے بعد وزیرقانون اعظم نذیر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رپورٹ تیار ہوجاتی ہے تو یہ ہاؤس کا اختیار ہے کہ کب ووٹنگ کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کمیٹی کی رپورٹ کل ہاؤس میں فائل کردیں گے، ایم کیو ایم کی تجاویز سے متعلق بھی کل بریک تھرو ہوجائےگا۔
دریں اثنا قانون و انصاف کی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس ختم ہوگیا، جس میں 27ویں آئینی ترمیم کے مسودے کی حتمی منظوری دے دی گئی، حکومتی اتحادی جماعتوں کی تجاویز پر کمیٹی فیصلہ نہ کر سکی۔