سٹی42: باغوں کا شہر لاہور فضائی آلودگی کے شدید نرغے میں آ گیا ہے۔ دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں لاہور نے پہلے نمبر کا مقام حاصل کر لیا ہے اور ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) کی مجموعی شرح 358ریکارڈ کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں ایئر کوالٹی انڈیکس خطرناک حد تک بڑھ گیا ہے۔راوی روڈ پر آلودگی کی شرح 827، لوئر مال میں 569، اقبال ٹاؤن میں 517، ساندہ روڈ پر 497، ایف سی کالج میں 466 جبکہ صدر کینٹ میں 437 ریکارڈ کی گئی۔
ماحولیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ مسلسل بڑھتی آلودگی شہریوں کے لیے شدید خطرہ بن چکی ہے۔انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، ماسک کا استعمال یقینی بنائیں، اور صبح کے اوقات میں کھلی فضا میں سرگرمیوں سے پرہیز کریں۔
دوسری جانب اسموگ الرٹ کے بعد پنجاب حکومت کی جانب سے تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی چھٹیوں کا شیڈول سامنے آگیا ہے۔محکمہ تعلیم کے مطابق صوبے بھر میں موسم سرما کی چھٹیاں 22 دسمبر 2025 سے شروع ہوگئیں اور 09 جنوری 2026 تک جاری رہیں گی۔ ہفتہ اور اتوار کی چھٹی کے باعث پنجاب میں سکولز دوبارہ 12 جنوری کو کھولیں گے۔
محکمہ تعلیم کی جانب سے واضح کیا گیا کہ یہ شیڈول سرکاری اور نجی دونوں تعلیمی اداروں پر یکساں طور پر لاگو ہوگا، کسی بھی سکول کو اپنے طور پر شیڈول تبدیل کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
واضح رہے کہ یہ فیصلہ سردی کی شدت اور طلبہ کی صحت کے پیش نظر کیا گیا ہے تاکہ بچے بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں اور چھٹیوں کے دوران بہتر تیاری کے ساتھ اگلے تعلیمی سیشن کیلئے واپس آئیں۔ والدین اور اساتذہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تعطیلات کے دوران بچوں کی تعلیمی سرگرمیوں پر توجہ دیتے رہیں تاکہ پڑھائی کا تسلسل برقرار رہے۔
سکولوں کے اوقات کار تبدیل:
21 دسمبر 2025 تک کیلئےمحکمہ سکول ایجوکیشن نےموسم سرما کیلئے سکولوں کے اوقات کار جاری کردیئے ہیں،سکول صبح8 بجکر45 منٹ پر لگا کریں گے،سکولوں میں چھٹی دوپہر ڈیڑھ بجے ہوا کرے گی۔ٹیچرز کو 2 بجے چھٹی ہوا کرے گی،جمعہ کے روز چھٹی ساڑھے12بجے ہوا کرے گی۔محکمہ سکول ایجوکیشن نے نئے اوقات کار نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے،سیکنڈ شفٹ میں سکول دوپہر 2 بجے سے سہ پہر 4 بجے تک لگاکریں گے۔