سٹی 42: وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر محکمہ داخلہ میں یوم علی کرم اللہ وجہہ سکیورٹی انتظامات بارے اہم اجلاس ہوا۔ صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے اجلاس کی صدارت کی ۔
سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے صوبہ بھر میں سکیورٹی انتظامات بارے بریفنگ دی ۔ صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت کی یوم علی کرم اللہ وجہہ کے موقع پر سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے جائیں گے، مساجد، امام بارگاہوں، عبادت گاہوں اور مزارات پر اضافی نفری تعینات کی جائے گی،مقررین کسی بھی فرقے کے خلاف قابل اعتراض اور اشتعال انگیز تقاریر سے گریز کریں،پنجاب بھر میں اسلحہ رکھنے اور اسکی نمائش پر سختی سے پابندی ہے۔ڈیزاسٹر مینجمنٹ سے متعلق اداروں ریسکیو 1122، سول ڈیفنس اور محکمہ صحت ہائی الرٹ رہیں گے۔
پنجاب کے عوام کے تحفظ پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا یومِ شہادت حضرت علیؓ پر امن و امان برقرار رکھنے کیلئے سکیورٹی پلان پر من و عن عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔کواڈ کاپٹرز کے ذریعے مرکزی جلوسوں کی فضائی نگرانی کی جائے گی،سوشل میڈیا پر قابل اعتراض مواد کو واٹس ایپ نمبرز 03073087777 اور 03073097777 پر رپورٹ کریں۔
آئی جی پولیس راؤ عبد الکریم نے بتایا کہ یوم علی کی مناسبت سے تمام انتظامات مکمل ہیں سکیورٹی ادارے ہائی الرٹ ہیں۔تمام شہروں کے داخلی خارجی راستوں پر حفاظتی اقدامات اور چیکنگ یقینی بنائی جائے گی۔
آئی جی پولیس راؤ عبدالکریم نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی اور بریفنگ دی ۔سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر احسان بھٹہ، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز پنجاب محمد علی نیکوکارہ، ایڈیشنل سیکرٹری انٹرنل سکیورٹی، ایڈیشنل سیکرٹری جوڈیشل، ایڈیشنل سیکرٹری سپیشل انیشیٹو شریک ہوئے ۔
وڈیو لنک کے ذریعے ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی وسیم احمد سیال، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ عمران احمر و دیگر افسران کی اجلاس میں شرکت کی ۔ سی سی پی او لاہور، پنجاب بھر سے کمشنرز اور آر پی اوز بھی ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے اور بریفنگ دی ۔