ویب ڈیسک :قطر اور اتحاد ائیر ویز کا فلائٹ آپریشن بدستور بند ،اسلام آباد سے دوحا جانے والی قطر ائیر ویز کی فلائٹس منسوخ کر دی گئیں۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد سے دوحہ جانے والی قطر ایئر ویز کی پرواز منسوخ کر دی گئی جبکہ ابو ظہبی کیلئے اتحاد ایئر ویز کی فلائٹ بھی منسوخی کا شکار ہو گئی۔
دوسری جانب ایمریٹس ، آئیر عربیہ ، فلائی ناس نے اپنا فلائٹ آپریشن بحال کر دیا ہے اور ان کی پروازیں معمول کے مطابق روانہ ہو رہی ہیں۔
ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق اسلام آباد ائیر پورٹ پر دیگر تمام ملکی و غیر ملکی پروازوں کا آپریشن معمول کے مطابق جاری ہے۔
واضح رہے کہ ائیرپورٹ حکام نے مسافروں سے اپیل کی ہے کہ وہ پروازوں کی صورتحال کی تصدیق کرنے کے بعد ہی روانہ ہوں اور ایئر لائنز کی ہیلپ لائنز سے رابطہ کریں تاکہ کسی قسم کی مشکلات سے بچا جا سکے۔
دوسری جانب مشرق وسطیٰ اور کچھ ایشیائی مقامات کے لیے لاہور سے جانے والی پروازیں نویں روز بھی منسوخ رہی جبکہ لاہور سے یو اے ای، دوحہ اور بحرین کے لیے کل 12 پروازیں منسوخ کی گئی ہیں۔
لاہور سے ابوظہبی جانے والی ائیر بلیو پی اے 430 ، اتحاد ائیر ای وائے 285 منسوخ ہیں، جبکہ ابوظہبی سے لاہور آنے والی اتحاد ائیر ای وائے 284 بھی منسوخ ہے۔
اسی طرح فلائٹس کا منسوخ ہونے کا عمل جاری ہے ، 8 مارچ کو بھی متاثرہ پروازوں میں لاہور سے دبئی، شارجہ، ابوظہبی، دوحہ اور کویت جانے والی بین الاقوامی پروازیں شامل تھیں۔
ذرائع کے مطابق لاہور سے ابوظہبی جانے والی ائیر سیال کی پرواز پی ایف 796 اور ابوظہبی سے لاہور آنے والی پرواز ایف 797 منسوخ ہو گئی تھیں۔