ایوان کا بڑا دنگل، سنجرانی کا جوڑ گیلانی سے پڑے گا

ایوان کا بڑا دنگل، سنجرانی کا جوڑ گیلانی سے پڑے گا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(مانیٹرنگ ڈیسک) ایوان بالا کا بڑا دنگل، چیئرمین سینیٹ کی نشست پر صادق سنجرانی کا مقابلہ یوسف رضا گیلانی کریں گے، پی ڈی ایم نے متفقہ فیصلہ سنا دیا، یوسف رضا گیلانی کانام میاں نوازشریف نے تجویز کیا۔

پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ ( پی ڈی ایم) نے سابق وزیر اعظم  یوسف رضا گیلانی کو چیئرمین سینیٹ کیلئے مشترکہ امیدوار نامزد کردیا، یوسف رضا گیلانی کو چیئرمین سینیٹ کے امیدوار نامزد کرنے کا فیصلہ پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں کیا گیا، پی ڈی ایم اجلاس میں مولانا فضل الرحمان نے استعفے دے کر لانگ مارچ کا مطالبہ کردیا۔

اس موقع پر یوسف رضا گیلانی کا خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کی تمام جماعتوں کا ممنون ہوں، یہ کامیابی ان کے نام کرتا ہوں، الیکشن سے پہلے آپ کی کمال حکمت عملی نے حکمرانوں کی دوڑیں لگوا دی  تھیں، آپ کی اس کامیابی سے اقتدار کے ایوانوں میں لرزہ طاری ہے۔

یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ حکمرانوں کو یہ شکست ہضم نہیں ہو رہی ہے، تمام ضمنی انتخابات میں پی ڈی ایم کی جیت دراصل جمہوریت کی فتح ہے، سینیٹ الیکشن جیتنے کے لیے عمران خان نے اراکین اسمبلی کو 50 کروڑ روپے تک کے فنڈ دیئے، میں 242 ووٹوں سے وزیراعظم بنا، عمران خان 4 ووٹوں سے وزیراعظم بنے، لانگ مارچ سے قبل ہوم ورک ضروری ہے، ہم ناکامی کے متحمل نہیں ہوسکتے۔

اس سے قبل پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کامیابی کے سو باپ اور ناکامی یتیم ہوتی ہے، اس کامیابی پر آپ سب کو مبارکباد دیتا ہوں، ہم ضمنی انتخاب اور سینیٹ الیکشن کا بائیکاٹ کرتے تو سوچیں کہاں کھڑے ہوتے۔ جمہوری قوتوں کو یوسف رضا گیلانی کی جیت سے امید ملی ہے، چیئرمین سینیٹ کا الیکشن جیت کر ایک اور فتح اپنے نام کرنا چاہتے ہیں۔ ہمیں سینیٹ میں عددی برتری ثابت کرنے کا چیلنج دیا گیا اور ہم اس میں سرخرو ہوئے۔

 

 

Sughra Afzal

Content Writer