( قذافی بٹ ) وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے نواز شریف اور بلاول چلے ہوئے کارتوس ہیں، عمران خان کو ان سے کوئی خطرہ نہیں، نواز شریف ساری توجہ اپنی صحت پر دینی چاہیے جان ہے تو جہان ہے۔
وزیراعظم سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ وہی لوگ اکٹھے ہو رہے ہیں جن کے خلاف کرپشن کے کیسز ہیں، یہ اچھی بات ہے لوگوں کو بھی واضح سمجھ آ جائے گی کہ کون لوگ حکومت کے خلاف متحد ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف جہاں اپنا آپریشن کروانا چاہتے ہیں وہی سے کروائیں گے یہ اُن پر ہے کہ کس ہسپتال سے علاج کروانا چاہتے ہیں۔
وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ ایران، ترکی اور چین سے ریلوے میں تعاون کروانے کی کوشش کر رہے ہیں، ہمارا دور ریلوے کی تاریخ کا سنہری دور ہوگا، 30 مارچ کو وزیر اعظم لاہور ریلوے اسٹیشن پر جناح ایکسپریس کا افتتاح کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ایرانی صدر حسن روحانی کو عمران خان کا پیغام پہنچایا۔