ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

بحرین نیشنل گارڈ کے کمانڈر کی جی ایچ کیو آمد،فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات

بحرین نیشنل گارڈ کے کمانڈر کی جی ایچ کیو آمد،فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی 42: بحرین نیشنل گارڈ کے کمانڈر نے جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ کیا اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی،ملاقات میں پاکستان اور بحرین کے درمیان دفاعی و سکیورٹی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

 آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی اور دفاعی تعاون پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا،اس موقع پر دونوں ممالک نے برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

  بحرینی کمانڈر نے نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف سے بھی ملاقات کی  جس میں پاکستان نیوی کے علاقائی بحری سلامتی میں کردار کو سراہا گیا،انہوں نے پاکستان نیوی کو علاقائی بحری استحکام کا ضامن قرار دیا۔  بحرین نیشنل گارڈ کے کمانڈر نے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے الگ ملاقات بھی کی،اس دوران پاک فضائیہ کی جدید کاری اور دفاعی صلاحیتوں میں اضافے پر بریفنگ دی گئی،ملاقات میں ڈرونز، مصنوعی ذہانت اور جدید دفاعی ٹیکنالوجیز پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

   بحرینی کمانڈر نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بحرین پاکستان کے ساتھ تربیت، جدید ٹیکنالوجی اور استعداد کار میں تعاون بڑھانے میں دلچسپی رکھتا ہے۔

 آئی ایس پی آر کے مطابق اس دورے سے دونوں برادر ممالک کے دفاعی تعلقات مزید مستحکم ہونے کی توقع ہے اور عسکری تعاون کے نئے امکانات پر بھی غور کیا گیا۔

 بحرینی کمانڈر نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کاوشوں کو بھی سراہا۔