(مظہر عباس) ملاوٹ شدہ دودھ بیچنے والوں کے خلاف گھیرا تنگ،یوریا ،فارمالین اور شیمپو ملانے والے اب نہیں بچیں گے،پنجاب فوڈ اتھارٹی نے دودھ سیفٹی ٹیمیں بنانے کا فیصلہ کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق دودھ میں ملاوٹ کوئی نئی بات نہیں۔کبھی یوریا ملا کر گاڑھا بنایا گیا تو کبھی فارمالین ڈالی گئی۔۔یہاں تک کہ ملاوٹ مافیا نے شیمپو تک کو نہ چھوڑا اور دودھ میں ملا ڈالا۔تاہم اب ملاوٹ مافیا کو دبوچنے کے لئے شکنجہ تیار کر لیا گیا ہے۔
ایڈیشنل ڈاکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی ڈاکٹر شاہ زیب کا کہنا تھا کہ ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پر صوبہ بھر میں دودھ کی چیکنگ کریں گی۔36 اضلاع میں دو دو ٹیمیں ڈیوٹی سرانجام دیں گی۔اس سلسلے میں جدید مشینری بھی منگوا لی گئی ھے۔
ڈاکٹر شاہ زیب نے واضح کیا کہ دودھ کے تمام ٹیسٹ موقع پر کرکے نتائج حاصل کئے جائیں گے۔ٹیمیں ڈیری کی تمام پروڈکٹ چیک کرکے ملاوٹ کی صورت میں انہیں تلف کریں گی۔