ویب ڈیسک: آسٹریلیا کی بڑی ایئرلائن کوانٹاس کے تقریباً 1700 طویل فاصلے کے پائلٹس نے ہڑتال سمیت صنعتی کارروائی کی منظوری دے دی، تاہم ایئرلائن اور پائلٹس کی یونین کے درمیان اجرت کے معاہدے پر اصولی اتفاق ہوگیا ہے۔
کوانٹاس کے طویل فاصلے کی پروازیں چلانے والے پائلٹس نے تنخواہوں اور کام کے حالات پر مذاکرات میں پیش رفت نہ ہونے کے بعد 24 گھنٹے کی ہڑتال اور ڈیوٹی پر رپورٹنگ میں تاخیر سمیت مختلف اقدامات کی منظوری دی تھی۔
اب ایئرلائن اور آسٹریلین اینڈ انٹرنیشنل پائلٹس ایسوسی ایشن کے درمیان مذاکرات میں وسیع پیمانے پر اتفاق رائے ہوگیا ہےپائلٹس کی یونین کے صدر اینڈریو مارشل نے کہا کہ معاہدے کو آئندہ چند روز میں حتمی شکل دیے جانے کی امید ہے۔
کوانٹاس کے مطابق اصولی معاہدے میں پائلٹس کی تنخواہوں میں نمایاں اضافہ، ڈیوٹی روسٹر میں بہتری اور کیریئر میں ترقی کے مزید مواقع شامل ہوں گے۔
یہ معاہدہ کوانٹاس کے ایئربس اے 380، اے 330 اور بوئنگ 787 طیارے اڑانے والے تقریباً 1700 طویل فاصلے کے پائلٹس پر لاگو ہوگا، جو زیادہ تر بین الاقوامی روٹس پر خدمات انجام دیتے ہیں۔
دوسری جانب کوانٹاس کے گراؤنڈ ورکرز کی یونین نے بھی تقریباً 650 ملازمین کی جانب سے صنعتی کارروائی پر ووٹنگ کرانے کا اعلان کیا ہے۔