سٹی42:پنجاب حکومت نے کاشتکاروں کے لیے اہم قدم اٹھاتے ہوئے صوبے سے گندم کی نقل و حمل کی باقاعدہ اجازت دے دی .
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبے میں گندم کی خریداری کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں فلور ملز ایسوسی ایشن کے نمائندوں سے مشاورت کی گئی۔
اجلاس کی صدارت وزیر زراعت پنجاب سید عاشق کرمانی نے کی, جبکہ معاون خصوصی برائے پرائس کنٹرول سلمیٰ بٹ، سیکرٹری زراعت افتخار علی سہو اور سیکرٹری پرائس کنٹرول اینڈ کماڈیٹیز مینجمنٹ محمد اجمل بھٹی بھی شریک ہوئے۔
اجلاس میں گندم کے مناسب نرخوں پر خریداری کے لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔ اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر کسانوں کو گندم کی فصل کے بہترین نرخ فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے تاکہ کسانوں کو ان کی محنت کا پورا معاوضہ دیا جا سکے۔
اجلاس میں معاون خصوصی سلمیٰ بٹ نے واضح کیا کہ گندم کی بین الصوبائی ترسیل پر کوئی پابندی نہیں، اور حکومت پرائس کنٹرول کے ساتھ ساتھ مارکیٹ میں توازن کو برقرار رکھنے کے لیے بھی متحرک کردار ادا کر رہی ہے۔
قبل ازیں وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے گندم کیلئے ڈی ریگولیشن اور فری مارکیٹ پالیسی جاری کرنے کی منظوری دے دی۔ وزیراعلیٰ کی منظوری کے بعد اب بین الصوبائی سرحدوں پر گندم کی آمدورفت پر روک ٹوک نہیں ہوگی،اور پنجاب سے گندم کی نقل و حمل کی اجازت سے کاشتکار کو فصل کا پورا فائدہ مل سکے گا۔ اس کے علاوہ پنجاب میں پہلی بار نجی سیکٹر کے ذریعے گندم کی خریداری کی جائے گی، جس سے مارکیٹ میں مزید استحکام اور کاشتکاروں کے لیے بہتر مواقع پیدا ہوں گے۔