عید خوشیاں بانٹنے اور محروموں کیلئے ایثار کرنے کا دن ہے، صدر آصف زرداری

President Asif Ali Zardari, City42, Eid message, Eid Ulfitar, Eid night,, Chand Raat , City42
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42: صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان آسف علی زرداری نے عید الفطر  1445 ھ کے  با سعادت دن پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ عیدالفطر کے اس پُرمسرت موقع پر میں پوری پاکستانی قوم  اور امت مسلمہ کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔میں اللہ تعالیٰ کے حضور دعا گو ہوں کہ یہ مبارک دن ہمارے لیے ڈھیروں برکتیں، خوشیاں ، امن  اور سلامتی لائے۔

 رمضان کے مقدس مہینے میں روزے، نماز، اور  صدقات کی بجا آوری کے بعد اس مہینے کے اختتام پر ہمیں اللہ تعالی کا شکر ادا کرنا چاہیے کہ اُس کی بے شمار نعمتوں اور توفیق سے ہمیں رمضان المبارک کی یہ تمام سعادتیں اور خوشیاں نصیب ہوئی ہیں۔ رمضان کے دوران، ہم اطاعت ِ الٰہی ، تقویٰ  ، ہمدردی اور سخاوت کے اصولوں پر عمل پیرا ہوئے۔ عید الفطر دوسروں کے ساتھ خوشیاں بانٹنے اور معاشرے کے محروم طبقات کیلئے ایثاروقربانی کا دن ہے۔یہ مبارک دن اس بات کا تقاضا کرتا ہے کہ ہم ضرورت مندوں، ناداروں، غریبوں ، یتیموں اور محتاجوں  کی بھرپور مدد کرتے ہوئے انہیں بھی عید کی خوشیوں میں شریک کریں ۔ 


 عیدالفطر کا پر مسرت موقع ہمیں یہ  پیغام بھی دیتا ہے کہ ہم سب بحیثیت ِقوم  رکاوٹوں کو دور کرنے، ضرورت مندوں کے لیے مدد کا ہاتھ بڑھانے اور سب کے لیے ایک روشن اور خوشحال مستقبل کے لیے کام کرنے کے لیے پر عزم ہیں۔ تو  آئیے ، اپنی روزمرہ کی زندگیوں میں اخوت ، رواداری ، سماجی و معاشی انصاف اور باہمی اتحاد و یکجہتی سے سرشار ہوکر ایک متحد اور مضبوط قوم بننے کی کوشش کریں۔


 میں پاکستانی قوم کی طرف سے غزہ و فلسطین کے مظلوم عوام کیلئے یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ پوری پاکستانی قوم آپ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔ ہم عالمی برادری پر زور دیتے ہیں کہ وہ غزہ میں فوری امن اور امداد کی فراہمی کو یقینی بنائے ۔ اسرائیل کا ظلم ،  بربریت اور نسل کشی انسانی حقوق کی سنگین ترین خلاف ورزی ہے۔  


 ہمیں خوشی کے اس موقع پر غیر قانونی طور پر بھارتی زیرِ تسلط جموں و کشمیر کے عوام  کو بھی نہیں بھولنا چاہیے ۔ میں انہیں یقین دلاتا ہوں کہ پوری پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑی  ہے۔ پاکستان تنازعہ جموں و کشمیر کے اقوام ِ متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل تک ان کیلئے اپنی اخلاقی ، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔ 


 میں اس مبارک  دن کے موقع پر ہر پاکستانی  اور پوری امت مسلمہ کی بھلائی اور خوشحالی کے لیے دعا گو ہوں۔ اللہ تعالیٰ ہماری قوم پر اپنی رحمتیں نازل فرمائے، ہمیں نیکی کی راہ پر گامزن فرمائے اور ہمیں اتحاد، امن اور خوشحالی عطا فرمائے۔آمین!