سٹی 42: صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے خیبرپختونخوا میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ۔
صدرِ مملکت نے ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھارتی پشت پناہی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی ۔ انہوں نے کہا ملک سے دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھی جائیں۔بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد عناصر کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیاں قومی عزم کی عکاس ہیں۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع ٹانک اور ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں بھارتی حمایت یافتہ، فتنتہ الخوارج کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ۔وزیراعظم نے ان آپریشنز میں فتنتہ الخوارج کے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پذیرائی کی ۔ وزیر اعظم نے کہا عزم استحکام کے ویژن کے تحت سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف بڑی کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں ۔ دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے اور ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے خیبرپختونخوا میں فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے خلاف 2 کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کی ستائش کی ۔ وزیرداخلہ محسن نقوی نے 5 دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا ۔محسن نقوی نے کہا سکیورٹی فورسز خیبر پختونخوا میں کامیاب آپریشنز کے ذریعے بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کا صفایا کر رہی ہیں۔پاکستان کی بہادر سکیورٹی فورسز کی کامیابیوں کو قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔آخری بھارتی سپانسرڈ دہشتگرد اور سہولت کار کے خاتمے تک آپریشنز جاری رہیں گے۔