ویب ڈیسک: آج آٹھ مئی کو ایک بار پھر متحدہ عرب امارات پر ایران سے میزائل اور ڈرون کے حملے کئے گئے۔
متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے حکام نے بتایا ہے کہ ایرانی میزائل اور ڈرون حملوں کے نتیجے میں 3 افراد زخمی ہوگئے۔
یو اے ای کی وزارت دفاع نےسوشل پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ امارات کے فضائی دفاعی نظام نے مزید 2 بیلسٹک میزائل اور 3 ڈرون تباہ کر دیئے۔ وزارت دفاع نے بتایا کہ 8 مئی کو ہونے والے ایرانی حملوں میں 3 افراد زخمی ہوئے جن کے زخموں کی حالت درمیانی نوعیت کی ہے۔
متحدہ عرب امارات کی وزارت دفاع نے کہا کہ امارات پر ایران سے حملوں کے آغاز سے اب تک 551 بیلسٹک میزائل، 29 کروز میزائل اور 2263 ڈرون تباہ کیے گئے، آج کے حملوں میں زخمی ہونے والوں کو شامل کرنے کے بعد ایرانی حملوں میں زخمیوں کی مجموعی تعداد 230 ہوگئی ہے جبکہ مختلف ممالک کے شہری متاثر ہوئے، متاثرین میں اماراتی، پاکستانی، مصری، بھارتی، بنگلادیشی، فلپائنی و دیگر ممالک کے شہری شامل ہیں۔
اماراتی وزارت دفاع کے بیان میں کہا گیا کہ ایرانی حملوں میں شہید ہونے والوں کی تعداد 3 ہوگئی جبکہ ایک مراکشی شہری بھی شہید ہوا۔ سویلین جانی نقصان 10 تک جاپہنچا۔ حملوں میں جاں بحق ہونے والے افراد میں پاکستانی، بھارتی اور مصری شہری بھی شامل ہیں۔
یو اے ای کے حکام نے کہا کہ ریاست کی سلامتی، خود مختاری اور استحکام کے تحفظ کیلیے مکمل طور پر تیار ہیں، قومی سلامتی کو نقصان پہنچانے کی ہر کوشش کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
متحدہ عرب امارات نے ایران کے حملوں کو کھلی جارحیت قرار دیتے ہوئے دفاعی عزم کا اعادہ کیا۔