سٹی 42:لاہور کے جنرل ہسپتال نے مریضوں کی سرجری سے پہلے بڑی شرط رکھ دی ہے۔ سرجری سے پہلے مریض کا کورونا ٹیسٹ لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔
میڈیکل سپرنٹنڈنٹ جنرل ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر محمود صلاح الدین نے اس سلسلے میں ایس او پیز جاری کر دیے۔ ڈاکٹر محمود صلاح الدین نے کہا ہےکہ کسی بھی مریض کی سرجری سے پہلے اس کا کورونا ٹیسٹ لازمی قرار دے دیا گیا ہے، اس کا مقصد ڈاکٹروں اور دیگر طبی عملے کو کورونا وائرس سے محفوظ رکھنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت کے ایس او پیز کے مطابق آؤٹ ڈور میں صرف مریض کو ڈاکٹر تک رسائی ہو گی جب کہ ایمرجنسی میں مریض کے ساتھ ایک تیماردار ٹھہر سکتا ہے۔
یاد رہے پاکستان میں کورونا وائرس سے آج اب تک مزید 14 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 605 ہوگئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے سے مصدقہ مریضوں کی تعداد 25837 تک جاپہنچی ہے۔اب تک سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں سامنے آئی ہیں جہاں کورونا سے 209 افراد انتقال کرچکے ہیں جب کہ پنجاب میں 194 اور سندھ میں 171 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔اس کے علاوہ بلوچستان میں 24، اسلام آباد 4 اور گلگت بلتستان میں 3 افراد مہلک وائرس کے باعث جاں بحق ہو چکے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں کورونا وائرس کے باعث مارچ سے ملک بھر میں نافذالعمل لاک ڈاؤن میں 9 مئی سے نرمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔وفاقی حکومت نے چھوٹی مارکیٹیں، دکانیں اور ہارڈ ویئر اسٹورز کھولنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ دکانیں فجر کے بعد سے شام 5 بجے تک کھولنے کا فیصلہ کیا ہے، خوراک اور ادویات کی دکانوں کے علاوہ تمام دکانیں ہفتے میں دو روز بند رہیں گی۔