سٹی 42 : عالمی یومِ خواتین کے موقع پر اسلام آباد پولیس نے اپنے ادارے میں خدمات انجام دینے والی خواتین افسران اور اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق انسپکٹر جنرل اسلام آباد پولیس سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ اسلام آباد پولیس میں خدمات انجام دینے والی خواتین ہمارا فخر اور قیمتی اثاثہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین اہلکار ہر شعبے میں مردوں کے شانہ بشانہ فرائض انجام دے رہی ہیں اور لاء اینڈ آرڈر کے قیام اور جرائم کے خاتمے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔
آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ اسلام آباد پولیس نے خواتین کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کیے ہیں، جبکہ ویمن پولیس اسٹیشن اور ڈیجیٹل پولیس سٹیشن خواتین کی فوری مدد کے لیے فعال ہیں،انہوں نے کہا کہ خواتین کو محفوظ اور بااعتماد ماحول فراہم کرنا اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے۔
سید علی ناصر رضوی نے اسلام آباد پولیس کے شہداء اور غازیوں کی بہادر ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ معاشرتی ترقی کے لیے خواتین کو مساوی مواقع فراہم کرنا ناگزیر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کا مثبت کردار معاشرے کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور اسلام آباد پولیس میں خدمات انجام دینے والی خواتین افسران اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کر رہی ہیں۔