ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

چین: محکمہ موسمیات کا ہائی الرٹ، 10 روز تک طوفانی بارشوں کی پیشگوئی

چین: محکمہ موسمیات کا ہائی الرٹ، 10 روز تک طوفانی بارشوں کی پیشگوئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: چین کے محکمہ موسمیات نے جنوبی علاقوں میں شدید بارشوں کے نئے سلسلے سے خبردار کرتے ہوئے شہریوں اور متعلقہ اداروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ پیشگوئی کے مطابق آنے والے دنوں میں بارشوں کی شدت میں نمایاں اضافہ متوقع ہے، جس سے کئی علاقوں میں معمولاتِ زندگی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

موسمیاتی ماہرین کے مطابق جنوبی خطوں میں اگلے دس روز تک وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے، جبکہ بعض مقامات پر مجموعی بارش 400 ملی میٹر (16 انچ) سے بھی تجاوز کر سکتی ہے۔ بدھ سے اتوار کے دوران بارشوں کی شدت اپنے عروج پر پہنچنے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ مسلسل اور شدید بارشوں کے نتیجے میں نشیبی علاقے زیرِ آب آ سکتے ہیں، جبکہ مقامی سطح پر سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا بھی اندیشہ ہے۔ اس کے علاوہ زرعی زمینوں کو نقصان پہنچنے اور فصلوں کے متاثر ہونے کے خدشات بھی بڑھ گئے ہیں۔

زرعی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگر بارشوں کا یہ سلسلہ طویل عرصے تک برقرار رہا تو چاول سمیت اہم زرعی فصلوں کی پیداوار متاثر ہو سکتی ہے، جس کے اثرات غذائی رسد اور زرعی معیشت پر بھی مرتب ہونے کا امکان ہے۔

دوسری جانب متعلقہ حکام نے ممکنہ ہنگامی صورتحال کے پیشِ نظر الرٹ جاری کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ اور امدادی اداروں کو پیشگی انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت کی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔