ویب ڈیسک: مالی سال 2025-26 کے دوران کویت کو بڑھتے ہوئے بجٹ خسارے اور تیل سے حاصل ہونے والی آمدنی میں نمایاں کمی کا سامنا ہے۔
کویت کی وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال میں ملک کا بجٹ خسارہ بڑھ کر 7.1 ارب کویتی دینار (تقریباً 23 ارب امریکی ڈالر) تک پہنچ گیا، جو گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 13.2 فیصد زیادہ ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق مجموعی سرکاری آمدنی ابتدائی تخمینوں کے مقابلے میں 10 فیصد کم رہی، جس کی بنیادی وجہ تیل سے حاصل ہونے والی آمدنی میں نمایاں کمی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق تیل کی آمدنی میں 11.2 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد یہ 15.3 ارب کویتی دینار (49 ارب امریکی ڈالر سے زائد) رہ گئی۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ کویت کی معیشت کا بڑا انحصار تیل کی برآمدات پر ہے، اس لیے عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی یا اتار چڑھاؤ براہِ راست ملکی آمدنی اور بجٹ پر اثر انداز ہوتا ہے۔
ماہرین کے مطابق حکومت بجٹ خسارے پر قابو پانے اور تیل پر انحصار کم کرنے کے لیے متبادل آمدنی کے ذرائع بڑھانے اور مختلف اقتصادی اصلاحات پر بھی غور کر رہی ہے۔