اویس کیانی: وفاقی کابینہ نے پاکستان ایگری کلچرل اسٹوریج اینڈ سروسز کارپوریشن لمیٹڈ ( پاسکو) کو دسمبر 2026 تک مرحلہ وار ختم کرنے کی منظوری دے دی۔
ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ہونے والے فیصلے کے تحت پاسکو کے ملازمین کے لیے خصوصی مالی پیکیج بھی منظور کیا گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے 4 ارب 18 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاسکو میں ریگولر ملازمین کی تعداد تقریباً 1100 ہے، جبکہ سیلاب سے متاثرہ گندم کے ذخائر بھی نیلام کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ حکومت اس سے قبل بھی پاسکو کی تنظیم نو اور ادارے کی فعالیت سے متعلق مختلف تجاویز پر غور کرتی رہی ہے، تاہم وفاقی کابینہ نے اب ادارے کو دسمبر تک ختم کرنے کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے۔