سٹی42: پاکستان کی وزارتِ خارجہ نےغزہ پر مکمل عسکری فبضے کے اسرائیلی منصوبے کو مسترد کرتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے۔
پاکستان کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان نے اسرائیل کی سکیورٹی کابینہ کے غزہ کے تمام علاقوں پر فوجی قبضہ کے نئے منصوبے کی منظوری پر پاکستان کے ردعمل میں کہا، پاکستان غزہ پر مکمل فوجی قبضے کے مبینہ اسرائیلی منصوبے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔
شفقت علی خان نے کہا، یہ اقدام بین الاقوامی قانون اور متعلقہ اقوامِ متحدہ سلامتی کونسل قراردادوں کی ایک اور کھلی خلاف ورزی ہے۔ یہ قابض اسرائیلی قوت کے جاری نسل کش فوجی مہم کو مزید بڑھانے کے ارادے کی بھی عکاسی کرتا ہے۔یہ نہایت اشتعال انگیز کارروائی، مقبوضہ فلسطینی علاقے میں موجود سنگین انسانی صورتحال اور عام شہریوں کی تکالیف کو مزید بڑھائے گی۔
پاکستان کی وزارت خٓرجہ کے ترجمان نے کہا، اسرائیلی کاروائی خطے میں امن و استحکام کے لیے کی جانے والی عالمی کوششوں کو نقصان پہنچائے گی۔ پاکستان عالمی برادری سے اسرائیلی بلا روک ٹوک کارروائیوں اور نسل کش فوجی مہم کا فوری خاتمہ یقینی بنانے کا مطالبہ کرتا ہے۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ لاکھوں ضرورت مند فلسطینیوں تک انسانی امداد کی بلا تعطل فراہمی کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا، اسرائیل کو اس کے بھیانک جرائم پر جواب دہ بنایا جائے۔