سٹی42: گرمیوں کی تعطیلات کے خاتمہ پر تنازعہ کھڑا ہو گیا۔ پرائیویٹ سکولز کی ایسوسی ایشن نے سکول جلد کھولنے کا مطالبہ کر دیا۔
حکومت کے تعلیمی اداروں کی گرمیوں کی تعطیلات کو 31 اگست تک بڑھانے اور تعلیمی اداروں کو یکم ستمبر سے کھولنے کے فیصلے کو آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن نےغیر ضروری اور بلاجواز قرار دے دیا ہے۔
آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر ابرار احمد خان نے گرمیوں کی چھتیاں 31 اگست تک بڑھانے کے حکومتی فیصلہ پر اپنے بیان میں مطالبہ کیا ہے کہ "گرمیوں کی تعطیلات میں توسیع کا فیصلہ فوری طور پر واپس لیا جائے، کیونکہ اس سے طلبہ کا تعلیمی نقصان ہو رہا ہے، خاص طور پر میٹرک کی کلاسز کے سٹوڈنتس کی تعلیم بری طرح متاثر ہو گی۔”
ابرار احمد خان نے کہا اسلام آباد میں نجی تعلیمی ادارے 4 اگست سے معمول کے مطابق کھل چکے ہیں جبکہ پاکستان کے دیگر صوبوں میں بھی سکولز معمول کے مطابق تعلیمی سرگرمیوں کا آغاز کر چکے ہیں۔
انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ "حکومت کو چاہیے تھا کہ 14 اگست سے پہلے ہی سکول کھول کر بچوں کو جشنِ آزادی کی تقریبات میں شریک ہونے کا موقع دیتی، مگر چھٹیوں میں غیر ضروری اضافہ کرنے کے فیصلہ نے تعلیمی عمل کو متاثر کیا ہے۔”
ایسوسی ایشن نے پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر گرمیوں کی چھتیاں اکتیس اگست تک بڑھانے کے فیصلے پر نظرِ ثانی کرے اور تعلیمی اداروں کو کھولنے کی اجازت دے تاکہ نصاب کی بروقت تکمیل کروائی جا سکے اور امتحانات کی تیاری ممکن ہو سکے۔