ویب ڈیسک:امریکی کثیر القومی آٹوموٹو کمپنی ٹیسلا کے سربراہ ایلون مسک نے کمپنی کی نئی دو نشستوں والی سائبر کیب روبو ٹیکسی کو امریکی سڑکوں پر اتار دیا۔یہ مکمل خودکار گاڑی اسٹیئرنگ وہیل، بریک پیڈلز اور روایتی ڈرائیونگ کنٹرولز کے بغیر تیار کی گئی ہے، کوئی بھی مسافر ہنگامی صورت میں بھی خود گاڑی کا کنٹرول سنبھال نہیں سکتا۔ سائبر کیب کو بنیادی طور پر ایک روبوٹیکسی کے طور پر ڈیزائن کیا گیا ہے۔
ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق ٹیسلا کے سربراہ ایلون مسک نے خودکار ڈرائیونگ کے شعبے میں ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے کمپنی کی نئی سائبر کیب روبو ٹیکسی کو امریکی سڑکوں پر اتار دیا ہے۔ دو نشستوں والی یہ مکمل خودکار گاڑی اسٹیئرنگ وہیل، بریک پیڈلز اور روایتی ڈرائیونگ کنٹرولز کے بغیر تیار کی گئی ہے، جس کا مطلب ہے کہ مسافر ہنگامی صورت میں بھی خود گاڑی کا کنٹرول سنبھال نہیں سکتا۔ ٹیسلا نے 3ستمبر 2026 کو آسٹن، ٹیکساس کے محدود علاقوں میں سائبرکیب سروس شروع کی، جہاں ابتدائی طور پر محدود تعداد میں گاڑیاں مسافروں کو لے کر سڑکوں پر آئیں۔ سائبر کیب کو بنیادی طور پر ایک روبوٹیکسی کے طور پر ڈیزائن کیا گیا ہے۔ اس میں ڈرائیور کیلئےنہ اسٹیئرنگ وہیل ہے اور نہ ہی ایکسلریٹر یا بریک پیڈل۔ گاڑی ٹیسلا کے فل سیلف ڈرائیونگ سسٹم کے ذریعے سڑک، ٹریفک اور دیگر حالات کو سمجھتے ہوئے سفر کرتی ہے۔ گاڑی میں انسانی ڈرائیور موجود نہیں ہوتا، جبکہ ضرورت پڑنے پر اسے دور بیٹھے ریموٹ آپریٹرز کی جانب سے مانیٹر کیا جا سکتا ہے۔
امریکی کمپنی ٹیسلا کا یہ طریقہ حریف کمپنی ویمو سے مختلف ہے، جو اپنے خودکار نظام میں ایل آئی ڈار، ریڈار اور دیگر سینسرز بھی استعمال کرتی ہے۔ ٹیسلا نے طویل عرصے سے کیمروں پر مبنی وژن سسٹم کو اپنی خودکار ڈرائیونگ حکمت عملی کا بنیادی حصہ بنایا ہوا ہے۔ ٹیسلا نے سائبر کیب کو ابتدائی طور پر آسٹن، ٹیکساس کے محدود علاقوں میں متعارف کرایا ہے۔ ٹیسلا کا مقصد مستقبل میں ایسے روبوٹیکس کا بڑا نیٹ ورک قائم کرنا ہے جو مسافروں کو ایپ کے ذریعے گاڑی طلب کرنے کی سہولت دے۔ کمپنی پہلے ہی آسٹن میں ماڈل وائی گاڑیوں کے ذریعے روبوٹیکسی سروس چلا رہی تھی، لیکنسائبر کیب پہلی ایسی مخصوص ٹیسلا گاڑی ہے جسے شروع ہی سے بغیر انسانی ڈرائیور کے استعمال کے لیے بنایا گیا ہے۔ نئی سائبرکیب کا ڈیزائن بھی روایتی گاڑیوں سے مختلف ہے۔ یہ دو نشستوں والی گاڑی ہے اور اس کا گولڈ رنگ اور مستقبل نما ڈیزائن اسے عام ٹیکسیوں سے الگ بناتا ہے۔

کمپنی کی نئی دو نشستوں والی سائبر کیب روبو ٹیکسی کی لانچنگ کے فوراً بعد امریکی وفاقی حکام کی جانب سے اس پر سوالات بھی اٹھ گئے۔ نیشنل ہائی وے ٹریفک سیفٹی ایڈمنسٹریشن نے ٹیسلا کے سائبر کیب کی سیفٹی سرٹیفکیشن کے عمل کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ بنیادی سوال یہ ہے کہ بغیر اسٹیئرنگ وہیل، بریک پیڈلز اور روایتی کنٹرولز والی گاڑی موجودہ امریکی وفاقی موٹر وہیکل سیفٹی معیارات پر کس طرح پورا اترتی ہے۔رپورٹس کے مطابق ایڈمنسٹریشن تقریباً 1000سائبر کیب سے متعلق ٹیسلا کے سیلف سرٹیفکیشن عمل کا جائزہ لے رہی ہے۔