سٹی42: ملک بھر میں مون سون کا دسواں اسپیل داخل، محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب سمیت مختلف علاقوں میں شدید طوفانی بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق 9 ستمبر تک وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا جس سے شہری علاقوں میں سیلاب، ندی نالوں میں طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی ڈویژن میں آئندہ چند گھنٹوں میں بارش کا امکان ہے، جبکہ وفاقی دارالحکومت میں مطلع جزوی طور پر ابرآلود اور موسم خوشگوار رہنے کا امکان ہے۔ ہواؤں کی رفتار 11 کلومیٹر فی گھنٹہ اور درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ 31 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا جا سکتا ہے۔
لاہور میں بھی بارش اور بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہو گیا ہے، جہاں کم سے کم درجہ حرارت 26 اور زیادہ سے زیادہ 29 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 90 فیصد تک پہنچ چکا ہے۔ کراچی میں حبس کے بعد شام کو گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی ہے۔ شہر میں درجہ حرارت 28 سے 33 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے جبکہ نمی کا تناسب 81 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔
سندھ کے کئی اضلاع بشمول حیدرآباد میں نشیبی علاقوں میں سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ تھرپارکر کے علاقوں مٹھی، اسلام کوٹ اور ننگرپارکر میں بارش کا سلسلہ آج رات تک جاری رہنے کی توقع ہے۔
پی ڈی ایم اے نے جنوبی پنجاب کے علاقوں جیسے بہاولپور، احمدپور، راجن پور، ڈی جی خان، رحیم یار خان، صادق آباد اور مظفر گڑھ میں تیز بارشوں اور ممکنہ فلیش فلڈنگ کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔ 9 ستمبر تک ڈیرہ غازی خان کے رودکوہی علاقوں میں فلیش فلڈنگ کا خدشہ برقرار ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں منگلا میں 72 ملی میٹر، جہلم 40، مری 8، ملتان 4، بہاولپور 3، لاہور اور شیخوپورہ 2، منڈی بہاوالدین اور نارووال میں 1 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ سیالکوٹ، سرگودھا، فیصل آباد، لیہ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور اوکاڑہ میں بھی بارشیں ہوئیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے خبردار کیا ہے کہ دریائے چناب، راوی اور ستلج میں سیلابی صورتحال ہے جبکہ بڑے شہروں میں ندی نالے بپھر سکتے ہیں۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ خراب موسم میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں، درختوں اور کمزور ڈھانچوں سے دور رہیں اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔
ملک بھر کے ڈیمز کی صورتحال بھی قابو میں ہے۔ تربیلا ڈیم مکمل بھر چکا ہے جبکہ منگلا، خانپور، سملی اور راول ڈیم کی سطح بھی بلند ہو چکی ہے۔ متعلقہ حکام کے مطابق اضافی پانی کے اخراج کے لیے سپیل ویز کھول دیے گئے ہیں۔
کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر فوری رابطے کی ہدایت دی گئی ہے۔