سٹی42:محکمہ موسمیات نے مختلف علاقوں میں آندھی،گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کا امکان ظاہر کرتے ہوئے الرٹ جاری کردیا۔
شہر لاہور میں سورج اور بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری ہے جبکہ ٹھنڈی ہواؤں کے باعث موسم خوشگوار اور قدرے سرد ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 21 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 25 ڈگری جبکہ کم سے کم 18 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 88 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے اور 5 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ ان کے مطابق شہر کا مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا اور بارش کے باعث موسم مزید سرد ہو سکتا ہے۔ شہر میں ہوا کی رفتار بڑھ کر 10 کلومیٹر فی گھنٹہ ہو سکتی ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 94 فیصد تک پہنچنے کا امکان ہے۔
لاہور میں آج ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 115 رہنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے، جو "اعتدال" (Moderate) کی کیٹیگری میں شمار ہوتا ہے۔ پنجاب کے جدید اینٹی سموگ مانیٹرنگ سسٹم کی یومیہ رپورٹ کے مطابق آج شہر میں ہوا کی رفتار 8 سے 12 کلومیٹر فی گھنٹہ کے درمیان رہنے کا امکان ہے جبکہ ہلکی بارش بھی متوقع ہے جس کی مقدار 0.3 سے 1.4 ملی میٹر تک ہو سکتی ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ متوقع بارش آلودگی کے پھیلاؤ میں کمی لائے گی اور نمی کے ذریعے آلودہ ذرات کے خاتمے میں مدد دے گی، جس سے شہریوں کو کچھ ریلیف ملنے کی امید ہے۔
محکمہ ماحولیات کے مطابق اے کیو آئی دن بھر 145 سے 95 کے درمیان رہے گا۔رات 12 بجے AQI 110، درجہ حرارت 18 ڈگری، ہوا کی رفتار 15 کلومیٹر فی گھنٹہ،صبح 5 بجے AQI بہتر ہو کر 90، درجہ حرارت 17 ڈگری، ہوا کی رفتار 9 کلومیٹر فی گھنٹہ،صبح 10 بجے AQI 110، ہوا کی رفتار 14 کلومیٹر فی گھنٹہ،شام 4 بجے AQI 125، ہوا کی رفتار 8 کلومیٹر فی گھنٹہ،رات 9 بجے AQI 140 اور رات 11 بجے AQI 145 ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شام کے اوقات میں ہوا کی رفتار میں کمی اور ٹریفک کے دباؤ کی وجہ سے اے کیو آئی میں معمولی اضافہ ہو سکتا ہے، جس سے حساس افراد کو احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔
کراچی میں موسم گرم اور مرطوب ہو گیا ہے جس کے باعث شہریوں کو شدید گرمی اور پسینے کی شکایت کا سامنا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔آج شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 26 سے 28 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی سمت سے 7 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 70 فیصد سے زائد ریکارڈ کیا گیا ہے، جو گرمی کی شدت کو مزید بڑھا رہا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے دیگر علاقوں میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے تا ہم گلگت بلتستان، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے۔اسلام آباد میں موسم خشک اور مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے، راولپنڈی، مری، گلیات، چکوال، جہلم، گجرات، لاہور، سیالکوٹ، نارروال اور وزیر آباد میں چند مقامات پر بارش ہونے کی توقع ہے۔
بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کی توقع ہے، سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ اور بٹگرام میں بارش کی توقع ہے، گلگت بلتستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق آزاد کشمیر میں گرج چمک کے ساتھ مزید بارش ہونے کی توقع ہے۔
دوسری جانب پی ڈی ایم اے پنجاب نے بارشوں کے باعث دریاؤں کے بہاؤ میں اضافے کا الرٹ جاری کیا ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے جہلم میں منگلا اپ اسٹریم میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا امکان ہے جس کے باعث 24 گھنٹوں میں منگلا اپ اسٹریم میں درمیانے درجے کا سیلاب آ سکتا ہے۔