سٹی 42 : وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ معرکہ حق کا ایک سال مکمل ہونے پر سب کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، یہ قومی عزم، جذبے اور وژن کی علامت ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے معرکہ حق سیمینار سے خطاب کے دوران کہا کہ معرکہ حق کا ایک سال مکمل ہونے پر تقریب میں شرکت میرے لئے اعزاز کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں جنگ کے تقاضے بدل گئے ہیں، معرکہ حق سے ہمارا سر فخر سے بلند ہوا ہے، ہمارے بیانیے کی فتح ہوئی، قوم حکومت اور اداروں کے ساتھ ہے۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ صحافیوں نے ایل او سی کا دورہ کر کے بھارتی دعووں کو بے نقاب کیا، پاکستان دہشت گردی کے خؒاف جنگ میں صف اول کا کردار ادا کر رہا ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دو قومی نظریہ آج بھی ایک حقیقت ہے، بھارت نے اپنے اندرونی معاملات سے توجہ ہٹانے کی ناکام کوشش کی، بھارت ریاستی دہشت گردی میں ملوث ہے، ہماری قربانیاں دنیا کے امن کے لئے ہیں۔
پہلگام واقعہ کے فوری بعد ایف آئی آر کا اندراج آج بھی سوالیہ نشان ہے، پاکستان نے مخلصانہ طور پر شفاف تحقیقات کی پیشکش کی، بھارت نے آج تک پاکستان کی مخلصانہ پیشکش کا جواب نہیں دیا، بیانیے کی جنگ میں حقائق اور سچ اہمیت رکھتے ہیں، بھارت فالس فلیگ آپریشن کی تاریخ رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بنیاد دو قومی نظریئے پر ہے، مقبوضہ جموں و کشمیر کا مسئلہ بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں، بیانیے کی تشکیل میں سچ کی فتح ہوئی۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ جامع حکمت عملی اور مکمل ہم آہنگی کے ساتھ ہر سطح پر دشمن کو بھرپور جواب دیا، معرکہ حق میں پاکستانی نوجوانوں اور سوشل میڈیا صارفین کا بھی اہم کردار ہے، پاکستانی میڈیا نے کشیدگی کے دوران ذمہ دارانہ کردار ادا کیا، بھارتی میڈیا نے حقائق کے برعکس بے بنیاد صحافت کی، بھارت نے ہمارے یوٹیوب چینلز پر پابندی عائد کر دی لیکن ہم نے انڈین چینلز پر پابندی نہیں عائد کی، انڈیا نے ہمارے یوٹیوب بند کئے اور ہم نے اپنا یوٹیوب چینل ان کے ملک میں چلا کر دکھایا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے شہریوں نے پاکستانی مواد انڈین یوٹیوب چینلز پر چلنے پر اپنی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ۔