سٹی 42: حکومت سندھ نے خواتین کے لیے مزید 1000 پنک ای وی اسکوٹیز خریدنے کا فیصلہ کیا اورصوبے میں ماس ٹرانزٹ نظام کو مزید وسعت دینے کے لئے انٹر سٹی پیپلز بس سروس شروع کرنے کا بھی فیصلہ کرلیا ۔
شرجیل انعام میمن نے کہا بہت جلد لاڑکانہ، دادو، سہون، حیدرآباد، سانگھڑ سمیت مختلف اضلاع میں انٹر سٹی بس سروس شروع کرنے جا رہے ہیں، کراچی کے لیے نئی ای وی اور ڈبل ڈیکر بسیں لانے جا رہے ہیں، خیرپور تا روہڑی اور خیرپور تا رانی پور نئے روٹس آئندہ ہفتے شروع کرنے کا بھی اعلان کردیا ۔
سندھ کے سینئر وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ کے اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، ایم ڈی سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی سلیم اللہ اوڈھو سمیت دیگر متعلقہ حکام شریک ہوئے ۔
اجلاس کے دوران پیپلز بس سروس کے نئے روٹس، پنک ای وی اسکوٹیز کی تقسیم، ای وی ٹیکسی سروس اور ماس ٹرانزٹ کے جاری و مجوزہ منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ آئندہ چند ماہ کے دوران مزید نئی بسیں کراچی پہنچ جائیں گی، شہریوں کو سفری سہولیات کی فراہمی میں مزید بہتری آئے گی۔
سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی جانب سے پنک ای وی اسکوٹیز کے رجسٹریشن سے متعلق مسائل کا فوری حل یقینی بنانے کی ہدایات کردی ۔ شرجیل میمن نے کہاحکومت سندھ خواتین کو بااختیار بنانے اور انہیں محفوظ و باوقار سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے،اجلاس میں ماس ٹرانزٹ نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے مزید ڈبل ڈیکر اور ہائبرڈ بسیں چلانے پر بھی اتفاق کیا گیا ۔
اجلاس میں شہریوں کو ماحول دوست اور معیاری سفری سہولیات فراہم کرنے کے مختلف منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔
شرجیل انعام میمن نے کہا حکومت سندھ عوام کو جدید، محفوظ اور معیاری ٹرانسپورٹ سہولیات فراہم کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے، کراچی سمیت پورے سندھ میں ٹرانسپورٹ کے نظام کو مرحلہ وار جدید بنایا جا رہا ہے،خواتین، طلبہ اور روزانہ سفر کرنے والے شہریوں کی سہولت حکومت کی اولین ترجیح ہے، ای وی بسوں، ہائبرڈ ٹرانسپورٹ اور پنک اسکوٹیز جیسے منصوبے نہ صرف ماحول دوست ہیں بلکہ شہریوں کے لیے معاشی طور پر بھی فائدہ مند ثابت ہوں گے، جاری منصوبوں کی رفتار مزید تیز کی جائے تاکہ عوام جلد از جلد ان سہولیات سے مستفید ہوسکیں۔