ملک رحمان: خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں 8 سے 10 مئی کے دوران شدید گرمی کی لہر آنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس کے پیش نظر پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا۔
پی ڈی ایم اے کے مراسلے کے مطابق ڈی آئی خان، ٹانک، بنوں، کرک اور لکی مروت میں دن کے اوقات میں درجہ حرارت 43 سے 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
اسی طرح پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، مردان، صوابی، ہری پور اور کوہاٹ میں درجہ حرارت 39 سے 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے کے جنوبی اور وسطی علاقوں میں گرمی کی شدت برقرار رہے گی، جس کے باعث ہیٹ اسٹروک اور دیگر طبی مسائل کا خدشہ ہے۔ صورتحال کے پیش نظر تمام ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
ادارے نے متعلقہ محکموں کو ہیٹ اسٹروک سینٹرز، کولنگ پوائنٹس اور موبائل کولنگ یونٹس قائم کرنے کی ہدایت بھی دی ہے، تاکہ شہریوں کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
مزید برآں ریسکیو 1122 اور فائر بریگیڈ کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے، جبکہ سرکاری ہسپتالوں میں طبی عملہ اور ضروری سہولیات مکمل طور پر فعال رکھنے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، زیادہ پانی استعمال کریں اور بچوں، بزرگوں اور بیمار افراد کا خصوصی خیال رکھیں۔