سٹی 42 : پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ چور رات کے اندھیرے میں حملے کرتے ہیں، ہمت ہوتی تو دن کے اجالے میں وار کرتے۔
چیئرمین بلاول بھٹو نے قومی اسمبلی اجلاس سے اپنے ولولہ انگیز خطاب میں کہا کہ کل رات بھارت کے بزدلانہ حملے میں جو مرد، عورت اور بچے شہید ہوئے اسکی مذمت کرتے ہیں، شہداء کے اہل خانہ کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
بھارت کا چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کریں گے
انہوں نے کہا کہ دو ہفتے سے پاکستان یہ جھوٹے بے بنیاد الزامات سنتا رہا، ہم کہتے رہے ہمارے ہاتھ صاف ہیں، بین الاقوامی سطح پر نیوٹرل سطح پر تحقیقات ہوں تاکہ دنیا کو پتہ چلے کہ پاکستان ملوث نہیں، بین الاقوامی قانون کے مطابق ہم سچ کے ساتھ کھڑے ہیں، ہم انشااللہ بھارت کا چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کریں گے ۔
پاکستان کا جواب اب آئے گا
بلاول بھٹو نے کہا کہ جس طرح سے ہماری افواج نے بھارت کے بزدلانہ حملے کا جواب دیا سلام پیش کرتے ہیں، یہ اور حملہ کرے ہم اور جواب دیں گے، ہم ان کو دکھائیں گے کہ ہم جنگ کے حامی نہیں ہیں، لیکن اب آپ نے حملہ کیا ہے، تو اب آپ کو تیاری رکھنا ہے پاکستان کا جواب اب آنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس حق ہے کہ جہاں بھی جیسے بھی ہم اس حملے کا جواب دے سکتے ہیں ۔ ہم اپنی افواج پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں، وزیراعظم نے کہا ہے کہ پاکستان منصفانہ تحقیقات کے لیے تیار ہے ۔
چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم سچ کے ساتھ کھڑے ہیں اور بھارت جھوٹ کے ساتھ کھڑا ہے اور انشاءاللہ تعالی ہم ان کا یہ چہرہ پوری دنیا کے ساتھ فاش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان فورس نے ایک بار پھر ہر محب وطن پاکستانی کے لیے جس انداز سےبھارت کے بزدلانہ حملے کا جواب دیا اس کو بھی ہم سلام پیش کرتے ہیں۔ پاک فوج نے ان کے پانچ جہاز گرائے ہیں جیسے یہ مچھر تھے، یہ اور حملہ کریں اور ہم اور ان کےاور جہاز گرائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم مانتے ہیں کہ بھارت ہم سے بڑا ملک ہے وہ تعداد میں بڑے ہیں ان کے پاس مال بھی زیادہ ہوگا جو بھارت اپنے آپ کو پتہ نہیں کیا کیا سمجھتے ہیں، وہ وحشی بن چکے ہیں وہ درندے بن چکے ہیں، وہ ا پنی انا کی وجہ سے اندھے بن چکے ہیں۔ انشاء اللہ تعالی پاکستان کے بہادر اور غیور عوام ان کی آنکھیں کھولیں گے اور ان کو دکھائیں گے کہ ہم جنگ حامی نہیں ہیں نہ ہم جنگ کے حامی رہے ہیں، لیکن اب آپ نے حملہ کیا ہے۔ آپ نے پاکستان کے بے گناہ شہریوں پہ ہمارے بے گناہ بچوں پرحملہ کیا ہے، ہماری سرزمین پہ حملہ کیا ہے ۔ بلاول بھٹو نے کہا اب ان کو تیاری اور حوصلہ رکھنا پڑے گا اس لیے کہ پاکستان کا جواب اب آنا ہے، کسی جھوٹ کی بنا پہ نہیں انٹرنیشنل قانون کے مطابق یونائٹڈ نیشنز چارجر کے مطابق پاکستان کے پاس حق ہے جہاں بھی جیسے بھی ہم اس حملہ کا جواب دے سکتے ہیں ۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ تمام صوبے، ہر پاکستانی ہم سب،وزیراعظم شہباز شریف اور افواج پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں ، وزیراعظم صاحب نے ایک بار پھرآج دھرایا ہے کہ پاکستان تیار ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے ایسے کوئی ادارہ یابندہ ہے جس پہ ہم سب راضی ہیں کہ یہی فورم مناسب ہے اس قسم کی باقیات کا تحقیق کرنے کے لیے تو آگے جا کر بھی اگر خدانخواستہ اس قسم کی دہشت گردی کا واقعہ ہو چاہے وہ بھارت میں ہو چاہے وہ پاکستان میں ہو تو یہ فورم موجود ہوگا، اس دہشت گردی کا واقعہ کوئی انویسٹی گیٹ کرنا اور ہمیں بتانا اور بھارت کو بتانا تاکہ ہم خود دہشت گردوں کا مقابلہ کر سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم کسی بین الاقوامی طاقت کی وجہ سے نہیں اپنے شہریوں کو بچانے کے لیے اپنے شہیدوں کی شہادت کا جواب دینے کے لیے پاکستان کے اندر جو بھی دہشت گرد فورسز موجود ہیں، ان کی جو پریکٹس ہیں ان کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں، مگر کب تک، جب پاکستان اپنی قسمت دہشت گردوں کے ہاتھ میں چھوڑیں گے کہ کوئی بھی اٹھ جائے مقبوضہ کشمیر میں حملہ کرے یا بھارت میں کہیں بھی حملہ کرے اور وہ بہانہ بنائے کہ دونوں ممالک جنگ پہ اتر آئے، نیوکلیو پاور کا خطرہ پورا دنیا میں ہو ۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ پاکستان اتنی اہلیت رکھتا ہےاورصلاحیت ہے کہ ہم دشمن کے اس قسم کے حملے ہوئے ، وزیراعظم صاحب کے قیادت میں انشاءاللہ تعالی ہر حملہ تو جواب دینے کے لیے تیار ہے اور یہ بھارت کی بھول ہے اگر وہ سمجھتے ہیں کہ ہم دوسروں کی طرح ان کی ان قسم کے حملوں کی جواب میں خاموش ہوں گے ۔ پاکستان زندہ باد !