ویب ڈیسک: بھارتی جارحیت کے بعد پاکستان میں سائبر حملوں کے خطرات بڑھ گئے جس کے پیش نظر نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے ایک اہم ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔
ایڈوائزری میں خبردار کیا گیا ہے کہ دشمن عناصر موجودہ کشیدہ حالات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پاکستان کے اہم نیٹ ورکس کو سائبر حملوں کے ذریعے متاثر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان حملوں کا مقصد نہ صرف نظام کو نقصان پہنچانا ہے بلکہ عوام کو فریب پر مبنی پیغامات، فشنگ اسکیمز اور جھوٹی معلومات کے ذریعے گمراہ کرنا بھی ہے۔
نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر کسی بھی غیر مصدقہ معلومات یا افواہ کو ہرگز شیئر نہ کریں۔ مشتبہ لنکس، غیر مستند ای میلز اور سوشل میڈیا میسجز کو کھولنے سے اجتناب برتنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔
ایڈوائزری میں مزید کہا گیا ہے کہ دشمن عناصر ملک میں غیریقینی صورتحال پیدا کرنے کے لیے افواہوں کا سہارا لے رہے ہیں، اس لیے عوام صرف سرکاری یا ایمرجنسی ذرائع سے ہی معلومات حاصل کریں۔
حکام نے زور دیا ہے کہ واٹس ایپ، فیس بک، ٹوئٹر یا دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ملنے والی غیر مصدقہ معلومات پر ہرگز یقین نہ کیا جائے اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ اداروں کو دی جائے۔