ویب ڈیسک: ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ بھارت نے رات کی تاریکی میں بزدلانہ حملہ کیا جس کے نتیجے میں اب تک 6 مختلف مقامات پر 26 پاکستانی شہری شہید اور 46 زخمی ہو چکے ہیں۔
راولپنڈی میں نیوز بریفنگ دیتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ سب سے زیادہ نقصان احمد پور شرقیہ میں ہوا جہاں 13 شہری شہید ہوئے، جن میں تین کم سن بچیاں بھی شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مظفرآباد کے قریب مسجد بلال کو بھی نشانہ بنایا گیا جہاں بھارتی حملے میں تین شہری شہید اور ایک بچی اور ایک لڑکا زخمی ہوئے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف کے مطابق مریدکے میں بھی بھارتی جارحیت کے نتیجے میں تین شہری شہید اور ایک زخمی ہوا جبکہ سیالکوٹ اور شکرگڑھ میں کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے عبادت گاہوں کو نشانہ بنانا مودی حکومت کی تنگ نظری اور انتہا پسندی کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کوٹلی میں بھارتی حملے میں دو معصوم بچے بھی شہید ہوئے۔
پاک فوج کے ترجمان نے کہا کہ افواجِ پاکستان نے دشمن کو مؤثر جواب دیتے ہوئے بھارتی فضائیہ کے 5 طیارے اور ایک "کام بیک" ڈرون مار گرایا جبکہ پاک فضائیہ کے تمام اثاثے مکمل طور پر محفوظ ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاک فوج ہر قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔