جنید ریاض: صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے واضح کیا ہے کہ سرکاری سکولوں میں آن لائن کلاسز کرنے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے اور تمام تعلیمی اداروں میں سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری رہیں گی۔
وزیر تعلیم کے مطابق سرکاری سکولوں میں سالانہ امتحانات 9 مارچ سے شروع ہوں گے، جبکہ میٹرک کے سالانہ امتحانات 27 مارچ سے شروع کیے جائیں گے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ میٹرک کے امتحانات کے بعد کالج اور یونیورسٹیز میں اپریل کے آخری ہفتے میں امتحانات ہوں گے، جبکہ مئی میں انٹرمیڈیٹ پارٹ ون اور ٹو کے سالانہ امتحانات کا آغاز ہوگا۔
رانا سکندر حیات کے مطابق پرائیوٹ اداروں میں آنڈ اے لیول کے امتحانات بھی انٹرمیڈیٹ کے بعد منعقد ہوں گے۔
انہوں نے زور دیا کہ سالانہ امتحانات کی تیاری آن لائن کلاسز سے ممکن نہیں ہے، اس لیے طلبہ اور تعلیمی ادارے معمول کے مطابق تیاری کریں۔
صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں تمام سرگرمیاں رواں سال بھی حسب معمول جاری رہیں گی تاکہ تعلیم کے معیار میں کمی نہ آئے۔
واضح رہے کہ وفاقی سرکاری تعلیمی اداروں میں موسم بہار کی تعطیلات کااعلان ہوگیا۔ اس حوالے سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق وفاقی سرکاری تعلیمی ادارے 24مارچ سے 27مارچ تک بند رہیں گے۔ وفاقی سرکاری تعلیمی ادارے 30مارچ کو دوبارہ کھلیں گے ۔
حکام کا کہنا ہے کہ وفاقی سرکاری تعلیمی اداروں میں موسم بہار کی تعطیلات کو عیدالفطر کی چھٹیوں کے ساتھ ملایا گیاہے ۔