ویب ڈیسک: سعودی عرب میں موجود ہزاروں پاکستانی عمرہ زائرین کو وطن واپسی میں شدید مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ ہوائی ٹکٹوں کی قیمتیں بھی غیر معمولی حد تک بڑھ گئی ہیں۔
زائرین کے مطابق جو ٹکٹ پہلے 30 سے 40 ہزار روپے میں دستیاب تھا اب اس کی قیمت ڈیڑھ لاکھ روپے تک پہنچ گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق خلیجی خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور فضائی حدود سے متعلق مسائل کے باعث پروازوں کا شیڈول بری طرح متاثر ہو گیا ہے، جس کے نتیجے میں متعدد پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں۔
اس صورتحال نے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں موجود پاکستانی عمرہ زائرین کو پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے۔ زائرین کا کہنا ہے کہ پروازیں منسوخ ہونے کے بعد نئے ٹکٹ حاصل کرنا انتہائی مشکل ہو گیا ہے۔
متاثرہ افراد نے الزام لگایا ہے کہ بعض ایئر لائنز اور ٹریول ایجنٹس مسافروں کی مجبوری کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ٹکٹوں کی قیمتیں من مانے انداز میں بڑھا رہے ہیں۔
مدینہ منورہ میں موجود کچھ زائرین کے مطابق جن ٹکٹوں کی قیمت پہلے 30 سے 40 ہزار روپے تھی، اب ان کے لیے تقریباً ڈیڑھ لاکھ روپے طلب کیے جا رہے ہیں۔
زائرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ پروازوں کی منسوخی کی صورت میں رقم کی واپسی کے لیے کوئی واضح طریقہ کار موجود نہیں ہے، جبکہ بعض ٹریول ایجنٹس کی جانب سے ہراساں کیے جانے کی شکایات بھی سامنے آ رہی ہیں۔
متاثرہ عمرہ زائرین نے حکومت پاکستان اور وزارت مذہبی امور سے اپیل کی ہے کہ وہ اس صورتحال کا فوری نوٹس لیں اور ایئر لائنز سے رابطہ کر کے ان کی محفوظ اور کم خرچ وطن واپسی کے انتظامات یقینی بنائیں۔ ان کا کہنا ہے کہ طویل قیام کے باعث ان کے رہائش اور کھانے پینے کے اخراجات بھی ختم ہوتے جا رہے ہیں۔
