ویب ڈیسک: مکران کوسٹل ہائی وے پر دو گاڑیوں کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں ایک بچے سمیت سات افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ خاتون سمیت آٹھ افراد زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق گوادر کے قریب مکران کوسٹل ہائی وے پر منیجی کے مقام پر دو تیز رفتار گاڑیوں کے درمیان شدید ٹکر ہوگئی۔ حادثے کے نتیجے میں ایک کمسن بچے سمیت سات افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ خواتین سمیت آٹھ افراد زخمی ہوگئے۔
کوسٹل ہائی وے پولیس کے ترجمان کے مطابق حادثہ سڑک کنارے کھڑے ایک خراب آئل باؤزر کے باعث پیش آیا۔ باؤزر کی موجودگی کی وجہ سے تیز رفتار گاڑیاں بے قابو ہو کر آپس میں ٹکرا گئیں۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی کوسٹل ہائی وے پولیس اور امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو نکال کر اسپتال منتقل کرنے کی کارروائی شروع کی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر اورماڑہ اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
اسپتال ذرائع کے مطابق بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، جبکہ جاں بحق افراد میں ایک کم عمر بچہ بھی شامل ہے۔
خیال رہے کہ حال ہی میں ٹنڈو مستی، ضلع خیرپور کے قریب قومی شاہراہ پر ایک مسافر بس اور ٹریلر کے درمیان تصادم ہوا تھا، جس کے نتیجے میں 11 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 10 دیگر زخمی ہوگئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق تیز رفتار بس اوور ٹیکنگ کے دوران ٹرک سے جا ٹکرائی، حادثے میں مسافر بس کا ڈرائیور اور کنڈیکٹر بھی جان گنوا بیٹھے۔
تمام لاشوں اور زخمیوں کو خیرپور سول اسپتال منتقل کردیا گیا، بدقسمت مسافر بس پنجاب سے کراچی آرہی تھی۔