ویب ڈیسک: دارالحکومت اسلام آباد میں مسجد و امام بارگاہ پر ہونے والے خودکش حملے کے شواہد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جمع کر لیے ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق شواہد کے حصول کے لیے نیشنل فارنزک ایجنسی اور نادرا کی مدد بھی حاصل کی گئی ہے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ خودکش حملہ آور نے دھماکے سے قبل فائرنگ کی۔ حملہ آور نے راستے میں دو افراد پر فائرنگ کی جبکہ مسجد و امام بارگاہ کے ہال میں داخل ہو کر مزید چھ گولیاں چلائیں، جن کے خول جائے وقوعہ سے برآمد کر لیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق فائرنگ کے بعد حملہ آور نے مسجد کے ہال میں خودکش دھماکا کیا۔ ابتدائی فارنزک رپورٹ کے مطابق دھماکے میں چار کلو گرام تک بارودی مواد استعمال کیا گیا، جس میں بال بیرنگ کی مقدار زیادہ تھی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد کے علاقے ترلائی میں واقع امام بارگاہ و مسجد خدیجۃ الکبریٰ میں ہونے والے خودکش دھماکے کے نتیجے میں 32 افراد شہید جبکہ 150 سے زائد افراد زخمی ہو گئے تھے۔ واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے جبکہ تحقیقات کا عمل جاری ہے۔