جنید ریاض: پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن (پی بی ٹی ای) نے پہلے سالانہ امتحان 2026 کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔ مختلف پروگراموں میں امیدواروں کی کامیابی کا تناسب تسلی بخش رہا، جبکہ نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کے نام بھی جاری کر دیے گئے۔
جاری کردہ نتائج کے مطابق میٹرک ٹیک کے امتحان میں کامیابی کا تناسب 73.73 فیصد رہا، جبکہ میٹرک ووکیشنل میں 73.93 فیصد امیدوار کامیاب قرار پائے۔ میٹرک ووکیشنل (ہیئرنگ امپئیرڈ) پروگرام میں کامیابی کا تناسب 87.13 فیصد ریکارڈ کیا گیا، جو تمام پروگراموں میں سب سے زیادہ رہا۔
اسی طرح ڈی اے ای سِنو پاک ڈوئل ڈگری پروگرام فرسٹ ایئر میں کامیابی کا تناسب 84.17 فیصد رہا، جبکہ سیکنڈ ایئر میں 65 فیصد طلبہ امتحان میں کامیاب ہوئے۔
پوزیشن ہولڈرز کی فہرست کے مطابق میٹرک ٹیک میں مزمل بشیر نے پہلی، عائشہ ظفر نے دوسری اور حسن کمال نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ میٹرک ووکیشنل میں شازیہ احمد پہلی، حمیرا بتول دوسری جبکہ سہرین فاطمہ تیسری پوزیشن کی حقدار قرار پائیں۔ میٹرک ووکیشنل (ہیئرنگ امپئیرڈ) میں ابیہا نے پہلی، خدیجہ داؤد گل نے دوسری اور سنیہا ظفر نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
چیئرمین پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن ڈاکٹر فیصل محمود نے کامیاب امیدواروں اور پوزیشن ہولڈرز کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ و طالبات کے اعزاز میں جلد میڈل ایوارڈ تقریب منعقد کی جائے گی، جس میں انہیں میڈلز، اسناد اور دیگر انعامات سے نوازا جائے گا۔