ویب ڈیسک: (نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی) نادرا نے شہریوں کے لئے ایک زبردست سہولت متعارف کروا دی، شہریوں کو نادرا میں کوئی بھی کام کروانے کے لئے اب قطار میں لگ کر اپنی باری کا انتظار نہیں کرنا پڑے گا۔
نادرا نے پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے گھر بیٹھے کسی بھی نادرا دفتر میں مطلوبہ وقت پر اپوائنٹمنٹ بک کروانے کی سہولت دے دی تاکہ شہری مقررہ وقت سے کچھ دیر قبل آئیں اور اپنی باری کا انتظار کیے بغیر خدمات حاصل کریں۔
نادرا نے حال ہی میں پاک آئی ڈی موبائل ایپ کا نیا ورژن جاری کیا ہے جس میں ایف آئی اے شکایات سے لے کر ڈیجیٹل شناخت تک کی نئی سہولیات کا اضافہ کیا گیا ہے۔
نادرا کے ترجمان شباہت علی نے ایک ویڈیو پیغام میں بتایا کہ مذکورہ ایپ میں شہریوں کیلیے ایف آئی اے کو آن لائن شکایت درج کروانے، فیملی ریکارڈ درست کرنے، دستخط اپ لوڈ کرنے اور شناختی دستاویزات کی ڈیجیٹل سہولت سمیت متعدد اہم فیچرز متعارف کروائے گئے ہیں۔
پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے نئے فیچرز کے حوالے سے مکمل تفصیلات گزشتہ دنوں کے دوران سامنے آتی رہی ہیں۔
شناختی کارڈ کی درخواست کا سٹیٹس گھر بیٹھے جانیں
اب شہری اپنی شناختی کارڈ کیلئے درخواست کی صورتحال جاننے کے لئے نادرا کے دفتر جانے کی ضرورت بھی نہیں رہی۔
نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) میں دی گئی درخواست کا سٹیٹس صرف ایک کلک پر چیک کیا جاسکتا ہے۔
نادرا حکام کے مطابق اگر آپ نادرا میں جمع کرائی گئی درخواست کا سٹیٹس جاننا چاہتے ہیں تو پاک آئی ڈی موبائل ایپ پر لاگ ان کریں۔
ایپ پر "ٹریکنگ” کا آپشن منتخب کریں اور اپنی سلپ پر موجود ٹریکنگ آئی ڈی اور پن کوڈ درج کرکے درخواست کا سٹیٹس معلوم کریں۔
ٹریکنگ آئی ڈی 8400 پر ایم ایس ایم کرکے یا پھر 1777 پر کال کرکے بھی اسٹیٹس چیک کیا جاسکتا ہے۔
نادرا سے شناختی کارڈ بروقت وصول نہیں کریں گے تو کیا ہوگا؟
اس سے پہلے نادرا کا کہنا تھا کہ شناختی کارڈ بننے کے بعد اسے بروقت وصول کریں۔
پالیسی کے مطابق شناختی کارڈ وصول نہ کرنے پر ڈلیوری کی آخری تاریخ کے تین ماہ بعد اسے تلف کردیا جاتا ہے۔
اگر صارفین شناختی کارڈ بروقت وصول نہیں کریں گے تو انہیں دوبارہ شناختی کارڈ بنوانے کے لیے نئی درخواست دینے کے ساتھ ساتھ فیس بھی ادا کرنا ہوگی۔