ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

شاہد آفریدی کا باجوڑ میں متاثرہ خاندانوں کیلئے 20 لاکھ روپے امداد کا اعلان

شاہد آفریدی کا باجوڑ میں متاثرہ خاندانوں کیلئے 20 لاکھ روپے امداد کا اعلان
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے باجوڑ کا خصوصی دورہ کیا، جہاں انہوں نے آپریشن سے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی اور ان کے لیے 20 لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا۔ ان کے دورے کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے، اس کے باوجود عوام کی بڑی تعداد اپنے محبوب کرکٹر کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے امڈ آئی۔

شاہد آفریدی کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور ان کی آمد سے علاقے میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ انہوں نے گورنمنٹ کامرس کالج میں قائم متاثرین کیمپ کا معائنہ کیا، متاثرہ خاندانوں سے براہِ راست ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔ اس موقع پر انہوں نے 20 لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان کیا، جس پر متاثرہ افراد نے خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا۔

شاہد آفریدی نے باجوڑ کی خواتین اور لڑکیوں کے لیے ایک وکیشنل سینٹر قائم کرنے کا وعدہ بھی کیا تاکہ وہ مختلف ہنر سیکھ کر خود کفیل بن سکیں۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے متاثرہ بچوں میں اسکول بیگز، کتابیں اور کھیلوں کا سامان بھی تقسیم کیا تاکہ وہ تعلیم اور مثبت سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رکھ سکیں۔

اپنے دورے کے دوران شاہد آفریدی نے گورنمنٹ کامرس کالج باجوڑ میں بی ایس کمپیوٹر سائنس ڈپارٹمنٹ کا بھی افتتاح کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کی جانب سے متاثرین کی مدد کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ باجوڑ کی سرزمین نہایت خوبصورت ہے اور یہاں کے لوگ انتہائی مہمان نواز اور باصلاحیت ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ باجوڑ کے نوجوان کرکٹرز کو ملک کی بہترین اکیڈمیوں میں داخل کروانے کے لیے ذاتی سطح پر کوشش کریں گے۔

دورے کے اختتام پر انہوں نے متاثرہ بچوں کے ساتھ سیلفیاں بنوائیں اور انہیں اسپورٹس کا سامان بھی فراہم کیا، جس سے بچوں کے چہروں پر خوشی نمایاں تھی۔