ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

سلامتی کونسل کا اجلاس؛ بھارت کے پاکستانی  دریاؤں کے پانی کا معاہدہ معطل کرنے پرتشویش

سلامتی کونسل کا اجلاس؛ بھارت کے پاکستانی  دریاؤں کے پانی کا معاہدہ معطل کرنے پرتشویش
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42:  اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل نے  سندھ طاس معاہدے کی معطلی پر تشویش اور تحفظات کا اظہار کیا ہے، سکیورٹی کونسل نے انڈیا اور پاکستان پر  فوجی تصادم سے بچاؤ اور سفارتی راستے اپنانے پر زور دیا ہے۔ 
 

اسلام آباد میں پاکستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے نیویارک میں سکیورٹی کونسل کے پاکستان کی درخواست پر ہونے والے بند کمرے کے اجلاس کے بعد بتایا کہ  اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے سندھ طاس معاہدے کی معطلی پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان اور بھارت پر فوجی تصادم سے بچاؤ اور سفارتی راستے اپنانے پر زور دیا ہے۔

پاکستان کی درخواست پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا بھارت کی جناب سے پاکستان کے خلاف بلا اشتعال جارحانہ اقدامات خصوصاً سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کے اقدام سے پیدا ہونے والی کشیدہ صورتحال پر غور کرنے کے لئے خصوصی اجلاس ہوا جس میں خطےکی بگڑتی سکیورٹی صورتحال اور بھارتی اشتعال انگیزی اور جارحانہ حرکتوں پر غور  کیا گیا۔

سلامتی کونسل ارکان نے کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور فوجی تصادم سےبچاؤ اور سفارتی راستے اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

کشمیر عدم استحکام کی بنیادی وجہ

سکیورٹی کونسل کے  کئی ارکان نے مسئلہ کشمیر کوعلاقائی عدم استحکام کی بنیادی وجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیرکو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کےمطابق حل ہوناچاہیے۔

پاکستانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ اجلاس میں پاکستانی مندوب نے بھارت کی 23 اپریل کی یکطرفہ کارروائیوں پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کے اشتعال انگیز اقدامات کے سنگین نتائج ہو سکتے ہیں۔

بھارت بلا اشتعال  فوجی جارحیت کر سکتا ہے

پاکستان نے سکیورٹی کونسل کو بتایا کہ  انٹیلیجنس اطلاعات میں بھارت کی ممکنہ جارحیت اور فوجی کارروائی کاخدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ پاکستانی مندوب نے حالیہ سالوں کے دوران  بھارت کی ریاستی دہشتگردی اور ٹارگٹ کلنگز کا بھی حوالہ دیا۔

 پاکستان نے سلامتی کونسل کے ارکان کو بتایا کہ پاکستان اپنی خودمختاری کے دفاع کے لیے  تیار ہے۔ کسی بھی  جارحیت کی صورت میں پاکستان اقوام متحدہ چارٹرکے تحت دفاع کا حق رکھتا ہے۔

پہلگام واقعہ پر انڈیا کے الزامات مسترد

 پاکستان نے پہلگام حملے سے متعلق بھارتی الزامات کو سختی سے مسترد کر دیا، بغیر تحقیق اور ثبوت کے الزامات لگانا قابل مذمت ہے، بھارت ایسے واقعات کا استعمال کشمیری جدوجہد کو کمزور کرنے کے لیے کرتا ہے۔

دریاؤں کا پانی روکنا یا رخ موڑنا جنگ کے مترادف

 پاکستانی مندوب نے واضح کیا کہ سندھ طاس معاہدہ کو معطل کرنا بھارت کی خطرناک چال ہے، دریاؤں کے بہاؤ کو روکنا یا موڑنا جنگ کے مترادف ہوگا اور سلامتی کونسل ارکان نے بھی سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے پر تحفظات کااظہار کیا۔

 پاکستان نے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کی ثالثی کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی برادری فوری طور پر ذمہ داری کا مظاہرہ کرے۔