ویب ڈیسک: سپیکر سردار ایاز صادق کی زیر صدارت قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزیر اطلاعات عطاتارڑ نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں ہونے والی دہشتگردی کے تانے بانے بھارت سے ملتے ہیں، ملک کی سالمیت پر بھی سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کی جا رہی ہے جو افسوسناک ہے۔
عطاتارڑ نے کہا کہ پاکستان میں آپس کے اختلافات سیاسی نوعیت کے ہیں جن کا دفاعی یا خارجہ پالیسی سے کوئی تعلق نہیں، دشمن نہ صرف مکار اور بدنیت ہے بلکہ بیوقوف بھی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ میڈیا کو اُن مقامات پر لے جایا گیا جہاں بھارت دعویٰ کرتا رہا کہ دہشتگردوں کے کیمپ قائم ہیں لیکن وہاں کچھ نہیں تھا۔
وزیر اطلاعات نے بھارت کے تازہ ترین "پہلگام فالس فلیگ" حملے کو بہار الیکشن میں سیاسی فائدہ حاصل کرنے اور پاکستان کی ترقی کے راستے میں رکاوٹ ڈالنے کی سازش قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پہلگام پاکستان کی سرحد سے 150 سے 200 کلومیٹر دور ہے ایسے میں پاکستان سے لوگوں کا جا کر حملہ کرنا ممکن نہیں۔
عطاتارڑ نے کہا کہ پہلگام پولیس اسٹیشن میں محض 10 منٹ میں ایف آئی آر درج ہونا بھارتی منصوبہ بندی کو بے نقاب کرتا ہے۔ بھارتی فوج کا یونٹ اس مقام کو سکیورٹی دینے میں ناکام رہا۔ انہوں نے بھارتی نیوی کے کمانڈر کلبھوشن یادیو کی گرفتاری کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کی دہشتگردی میں ملوث ہونے کے ناقابل تردید شواہد موجود ہیں۔
وزیر اطلاعات نے اعلان کیا کہ بھارتی مظالم کے خلاف آواز اٹھانے والے سکھوں کو سلام پیش کرتے ہیں اور سوال اٹھایا کہ جعفر ایکسپریس حملے کی پہلی فوٹیج بھارت تک کیسے پہنچی؟
اُنہوں نے ایوان میں زور دیا کہ قومی سلامتی جیسے حساس معاملات پر سیاست کی بجائے اتحاد کا مظاہرہ کیا جائے۔