ویب ڈیسک: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی کو انسانیت کے خلاف جرم قرار دیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان دہشت گردی برآمد نہیں کرتا بلکہ خود اس کا شکار ہے۔
پیلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد بھارتی الزامات اور بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بھارتی حکومت غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کر رہی ہے اور پاکستان کو اپنی داخلی ناکامیوں کا ذمہ دار ٹھہرا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ مذاکرات چاہتا ہے یا تباہی کا راستہ۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ جنگ کسی کے بھی مفاد میں نہیں ہے، بھارت کی خارجہ پالیسی کو دہشتگردی سے جوڑنا خطرناک عمل ہے۔ نئی دہلی کے ہاتھ مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے خون سے رنگے ہوئے ہیں اور پاکستان کو اس کے امن کے جذبے کی سزا دی جا رہی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ امن کی بات کی ہے ہماری کوششوں کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ انہوں نے عالمی برادری سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ بھارتی جارحیت اور سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی پر نوٹس لے۔