سٹی 42: وفاقی وزیر برائے پٹرولیم علی پرویز ملک سے سویڈن کی سفیر الیگزینڈرا برگ کی ملاقات ہوئی۔جس میں پاکستان اور سویڈن کے درمیان مائننگ کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
سویڈش سفیر الیگزینڈرا برگ نے کہا کہ ٹرانسپورٹ، ٹیلی کمیونیکیشن، پیکیجنگ اور صنعت سمیت متعدد شعبوں میں تعاون جاری ہے ، ریکو ڈک میں سویڈش کمپنیاں مصنوعات اور خدمات کی فراہمی، کنیکٹیویٹی سلوشنز کے ذریعے فعال کردار ادا کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ امید ہے اس سال مزید سویڈش کمپنیاں پاکستان منرل فورم میں شرکت کریں گی۔
وفاقی وزیر علی پرویز ملک نے کہا کہ حکومت منرلز شعبے کی ترقی کیلئے بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کرنے کیلئے پُرعزم ہے، چیلنجز کے باوجود ریکو ڈک منصوبے میں ایک دن کی بھی تاخیر نہیں ہوئی، اس کا کریڈٹ ریکو ڈک میں شامل تمام کمپنیوں اور شراکت داروں کی پیشہ ورانہ مہارت کو جاتا ہے۔
ملاقات کے موقع پر وفاقی وزیر علی پرویز ملک کی جانب سے سویڈش مائننگ کمپنیوں کو پاکستان منرل انویسٹمنٹ فورم میں شرکت کی دعوت بھی دی گئی۔
سویڈش سفیر نے کہا امید ہے اس سال مزید سویڈش کمپنیاں پاکستان منرل فورم میں شرکت کریں گی۔