ویب ڈیسک: حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات سے متعلق نئے مالیاتی اقدامات کے تحت پیٹرول پر عائد پٹرولیم لیوی میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے، جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت بھی بڑھا دی گئی ہے۔ دوسری جانب ڈیزل پر لیوی میں کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پیٹرول پر پٹرولیم لیوی میں 24 روپے 74 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد یہ شرح بڑھ کر 116 روپے 8 پیسے فی لیٹر تک پہنچ گئی ہے۔ اس کے برعکس ہائی اسپیڈ ڈیزل پر لیوی 24 روپے 34 پیسے فی لیٹر کم کر دی گئی ہے، جس کے نتیجے میں یہ 68 روپے 93 پیسے سے کم ہو کر 44 روپے 59 پیسے فی لیٹر رہ گئی ہے۔
مٹی کے تیل کے حوالے سے جاری تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ اس پر پٹرولیم لیوی بدستور 20 روپے 36 پیسے فی لیٹر برقرار رکھی گئی ہے، تاہم اس کی قیمت میں 8 روپے 70 پیسے فی لیٹر اضافہ کر دیا گیا ہے۔ اضافے کے بعد مٹی کے تیل کی نئی قیمت 280 روپے 70 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے، جبکہ اس سے قبل یہ 272 روپے فی لیٹر فروخت ہو رہا تھا۔
یاد رہے کہ ایک روز قبل حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا تھا، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں کوئی ردوبدل نہیں کیا گیا۔ سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق کمی کے بعد پیٹرول 377 روپے 78 پیسے فی لیٹر دستیاب ہوگا، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 380 روپے 78 پیسے فی لیٹر پر برقرار رکھی گئی ہے۔