سٹی42: ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ میدانی علاقوں میں شدید گرم رہے گا۔
لاہور میں بھی گرمی کا زور برقرار ، صبح کے وقت ہی تپش محسوس کی گئی جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 28 ڈگری اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔ آئندہ 24 گھنٹوں میں بارش کی کوئی پیش گوئی نہیں کی گئی۔ہوا کی رفتار 5 کلومیٹر فی گھنٹہ نمی کا تناسب 50 فیصد تک رہنے کی توقع ہے۔
ملک کے مختلف علاقوں میں شدید گرمی کی لہر جاری، کراچی میں آج صبح ہی درجہ حرارت 31 ڈگری تک جا پہنچا جبکہ گرمی کی شدت 35 ڈگری محسوس کی جا رہی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ موسم گرم اور مرطوب ہے اور بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں درجہ حرارت 37 ڈگری تک جا سکتا ہے، ہوائیں مغرب سے 10 سے 15 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔ہوا میں نمی کا تناسب 65 فیصد ہےشہریوں کو 11 بجے سے 3 بجے کے درمیان غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ٹھنڈے مشروبات اور دھوپ سے بچاؤ کی تدابیر اپنانے کی سفارش کی گئی ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے عید الاضحیٰ سے پہلے اور عید کے دنوں میں ملک کے مختلف بالائی علاقوں میں گرج چمک، آندھی اور بارش کی پیشگوئی جاری کر دی ہے۔ترجمان محکمہ موسمیات کے مطابق 2 جون کی شام یا رات سے 5 جون تک کشمیر، گلگت بلتستان، مری، گلیات، چترال، دیر، سوات، ملاکنڈ، مانسہرہ، بٹگرام، شانگلہ، کوہستان اور ایبٹ آباد میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔3 اور 4 جون کو اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، میانوالی، سرگودھا، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، فیصل آباد، جھنگ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں گرد آلود آندھی، بارش اور ژالہ باری متوقع ہے۔
خیبرپختونخوا کے علاقوں ہری پور، پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ، چارسدہ، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم، کوہاٹ، بنوں، کرک اور وزیرستان میں بھی اسی نوعیت کا موسم متوقع ہےجبکہ جنوبی پنجاب کے کچھ علاقوں میں گرد آلود آندھی چلنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ 7 سے 9 جون (عیدالاضحیٰ کے ایّام) کے دوران دیر، سوات، چترال، کوہستان اور مانسہرہ میں بارش، گرج چمک اور ژالہ باری ہو سکتی ہے۔ تاہم میدانی علاقوں میں عید کے دوران شدید گرمی اور خشک موسم متوقع ہے جس کے باعث شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آندھی، ژالہ باری اور آسمانی بجلی کے باعث کمزور ڈھانچوں، درختوں، بجلی کے کھمبوں، گاڑیوں اور سولر پینلز کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔عوام، مسافروں اور سیاحوں کو محتاط رہنے، غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔