ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

آج رات بارش چھم چھم برسے گی

آج رات بارش چھم چھم برسے گی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی 42: آج رات اور منگل کو ملک کے مختلف علاقوں میں بارش، آندھی اور ژالہ باری کا امکان،محکمہ موسمیات نے آج رات اور منگل کے روز ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں، آندھی، گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر موسلادھار بارش و ژالہ باری کی پیش گوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج رات ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم مرطوب رہے گا، جبکہ کشمیر، بالائی خیبرپختونخوا، شمال مشرقی پنجاب، اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار اور جنوب مشرقی سندھ میں چند مقامات پر تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ بعض علاقوں میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری بھی متوقع ہے۔

منگل کے روز اسلام آباد اور گردونواح میں مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع، خصوصاً دیر، سوات، کوہستان، مانسہرہ، پشاور، مردان، صوابی، کرم، نوشہرہ، چارسدہ، باجوڑ، مہمند، خیبر، ہنگو، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بارش، آندھی اور گرج چمک کی توقع ہے۔ دیر، سوات، مانسہرہ، کوہستان، پشاور، کرم، مردان اور صوابی میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔

پنجاب میں راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد، سیالکوٹ، نارووال، شیخوپورہ، سرگودھا، ساہیوال، جھنگ، ملتان، خانیوال، ڈیرہ غازی خان اور دیگر اضلاع میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ شمال مشرقی پنجاب اور خطہ پوٹھوہار میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم شدید گرم رہنے کا امکان ہے، تاہم ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔

سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور حبس برقرار رہے گا، جبکہ ساحلی علاقوں اور تھرپارکر و گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

کشمیر میں تیز ہواؤں، گرج چمک، موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے، جبکہ گلگت بلتستان میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج سب سے زیادہ درجہ حرارت سبی اور دادو میں 48 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ جیکب آباد، نوکنڈی اور دالبندین میں پارہ 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچا۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آج رات اور منگل کے دوران موسلادھار بارشوں کے باعث بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔ اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، نوشہرہ، سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ، لاہور اور فیصل آباد کے نشیبی علاقوں میں شہری سیلاب کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے، جبکہ آندھی، جھکڑ اور آسمانی بجلی کے باعث کمزور تعمیرات، سولر پینلز، بجلی کے کھمبوں اور بل بورڈز کو نقصان پہنچنے کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔